سی پی او ملتان صادق ڈوگر بیرون ملک روانہ، ایس ایس پی آپریشنز حیدر علی قائم مقام سی پی او مقرر،2001ء میں ٹوبہ ٹیک سنگھ سٹی کے ایس ایچ او کی حیثیت سے مثالی خدمات انجام دینے والے صادق ڈوگر کے دور کو آج بھی عوام اور صحافتی حلقے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) پنجاب پولیس کے سینئر، نیک نام اور فرض شناس افسر سی پی او ملتان صادق ڈوگر بیرون ملک دورے کے سلسلے میں رخصت پر روانہ ہو گئے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں حکومت پنجاب کی جانب سے ایس ایس پی آپریشنز حیدر علی کو قائم مقام سی پی او ملتان کی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ حیدر علی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام، جرائم کے خاتمے، میرٹ پر انصاف کی فراہمی اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔سی پی او صادق ڈوگر پنجاب پولیس کے ان افسران میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری، جرات، بہترین قیادت اور عوام دوست طرزِ عمل سے ہمیشہ اپنی الگ شناخت قائم رکھی۔ ان کی پولیس سروس کا ہر دور عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیوں سے عبارت رہا ہے۔صادق ڈوگر نے سال 2001ء میں ٹوبہ ٹیک سنگھ سٹی کے ایس ایچ او کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ان کے دورِ تعیناتی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں، امن و امان کی بحالی، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، تھانہ کلچر میں بہتری اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو آج بھی ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہری قدر کی نگاہ سے یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ قانون کو بلاامتیاز نافذ کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح بنایا، جس کے باعث عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہوا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں قیام کے دوران صادق ڈوگر کے مقامی صحافیوں کے ساتھ نہایت خوشگوار تعلقات قائم رہے۔ خصوصاً روزنامہ جنگ اور جیو نیوز کے مرحوم نمائندہ حاجی عبدالمجید انور کے ساتھ ان کی دیرینہ رفاقت، باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی تعلقات مثالی سمجھے جاتے تھے۔ مرحوم حاجی عبدالمجید انور نے ہمیشہ ذمہ دار، متوازن اور عوامی مسائل پر مبنی صحافت کو فروغ دیا، جبکہ صادق ڈوگر نے بھی میڈیا کو ریاست کا اہم ستون سمجھتے ہوئے معلومات کی بروقت فراہمی اور مثبت تعاون کی روایت کو برقرار رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے دور میں پولیس اور صحافت کے درمیان اعتماد اور ہم آہنگی کی بہترین مثال قائم ہوئی۔دوسری جانب قائم مقام سی پی او حیدر علی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا کہ ملتان پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام، جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، اشتہاری ملزمان، قبضہ مافیا اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت کے جذبے کے تحت کام کرے گی اور ہر سائل کو میرٹ پر انصاف فراہم کرنا اولین ترجیح ہوگی۔سیاسی، سماجی، کاروباری، وکلاء، مذہبی اور صحافتی حلقوں نے صادق ڈوگر کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے بیرون ملک دورے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ صادق ڈوگر ایک باصلاحیت، ایماندار اور فرض شناس پولیس افسر ہیں جنہوں نے ہر عہدے پر رہتے ہوئے قانون کی حکمرانی، عوامی خدمت اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ بیرون ملک دورہ مکمل کرنے کے بعد پہلے سے زیادہ جذبے اور توانائی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ادھر قائم مقام سی پی او حیدر علی کی تقرری کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی گئی ہے کہ وہ اپنے وسیع تجربے، پیشہ ورانہ مہارت اور قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملتان پولیس کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنائیں گے، عوامی اعتماد میں اضافہ کریں گے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔