اسلام آباد وزیر اعظم عمران خان کا عالمی برادری سے قرضے معاف کرنے کا مطالبہ۔ عالمی برادری غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے پر غور کرے، قرضے معاف ہونے سے کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری کو پاکستان جیسے غریب ممالک کے قرضے معاف کر دینے چاہیے جس کے بعد وہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کا قابل ہو سکیں گے۔
وزیر اعظم کا غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے پر غور کرے۔ وزیر اعظم عمران خان نے جہاں غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے کا مطالبہ کیا وہاں برادر ہمسائے ملک ایران پر سے معاشی پابندیاں اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا ایران جیسے ملک سے اگر پابندیاں ہٹا لی جاتی ہیں تو کورونا وائرس سے کافی حد تک نبرد ہو سکتے ہیں وہ۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے، جو 170 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔ کورونا وائرس کی بڑھتی تعداد نے شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈا ل دیا ہے۔ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 7171 افراد زندگی کی بازی ہا ر چکے ہیں ، جبکہ ایک لاکھ سے زائد افراد اس خطرناک وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ مہلک وائرس نے ہر جگہ کو متاثر کیا ہے۔
نہ صرف ترقی پذیر بلکہ ترقی ممالک کی معیشت کو بھی جھنجھوڑ کے رکھ دیا ہے۔ اسٹاک مارکیٹس بھی کریش کر چکی ہیں۔ پاکستان کے حوالے سے قابل ذکر بات یہ ہے کہ سندھ میں مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے سوشل میڈیا پر کورونا وائرس سے متعلق مفروضوں کی حقیقت بتا دی ہے۔
کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر کورونا وائرس سے بچاوٴ کے لیے مفروضوں کو بیان کیا جانے لگا۔ تاہم اب عالمی ادارہ صحت نے مختلف مفروضوں کو کورونا وائرس سے جوڑے جانے پر رد عمل دیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق گرم یا ٹھنڈے پانی سے نہا کر وائرس سے نہیں بچا جا سکتا۔ اس بات میں بھی کوئی حقیقت نہیں کہ کورونا وائرس گرم علاقوں میں نہیں پھیلتا، ساتھ ہی ساتھ لہسن کا استعمال بھی کورونا سے بچاوٴ کا حل نہیں ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے بچاوٴ کے لئے صرف صاف رہنے کی ضرورت ہے۔