لاہور ترجمان حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے اپنی تین ماہ کی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کر دیا جبکہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ میں تمام مخیر حضرات سے بھی اپیل کرتی ہوں کہ وہ کمزور طبقے کی مدد کے لئے آگے آئیں اور حکومت کا ساتھ دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ جانیں بچائی جا سکیں۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ یوم پاکستان پر پوری قوم عہد کرتی ہے کہ مشکل گھڑی میں اپنے پاکستانی بہن بھائیوںکی بھرپور امداد کریں گے ،کورونا سے جنگ میں تمام قوم یکجا ہے اور ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلی پنجاب کے شانہ بشانہ پوری انتظامی ٹیم میدان عمل میں ہے ،شہری ہر صورت گھروں تک محدود رہیں تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت اپنے تمام وسائل کورونا سے جنگ میں لگا رہی ہے،پاکستان ترقی پذیرملک ہے، محدود وسائل کی وجہ سے معاشرے کے تمام طبقات کو سامنے آنا ہو گا،مخیر حضرات بڑھ چڑھ کر کورونا سے متاثرہ افراد اور عمومی ضرورت مندوں کی امداد کیلئے میدان عمل میں آئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہر مشکل گھڑی میں ایک قوم بن کر ابھرے ہیں، کورونا کا مقابلہ بھی اتحاد سے کیا جائے گا ۔