علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی طرف سے داخلے بھجوانے کی تاریخ میں 5 جون تک توسیع کردی گئی ہے
فیصل آباد (سٹار نیوز آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی فیصل ۱ٓباد ریجنل کیمپس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی طرف سے داخلے بھجوانے کی تاریخ میں 5 جون تک توسیع کردی گئی ہے جبکہ یونیورسٹی نے کورونا وائرس کے باعث پینڈنگ کی گئی تمام ورکشاپس بھی آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔منگل کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایا کہ سپرنگ سمسٹر کی تمام ورکشاپس اب تعلیمی اداروں کے بجائے آن لائن ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ طلبا اور سٹاف کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے کیا گیاہے تاہم ابھی سمسٹر خزاں کی ورکشاپس سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی طرف سے تمام امتحانات کو منسوخ کرکے طلبا کو اسائنمنٹ کے نمبروں کی بنیاد پر پاس بھی کردیا گیا ہے جبکہ رواں سمسٹر کے طلبا کی آن لائن ورکشاپ کے بعد امتحانات کا فیصلہ کورونا کی صورتحال کے مطابق کیا جائے گا۔













