بیرون ممالک سے سمندر پار پاکستانیوں کی تسلسل کے ساتھ وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور اس ضمن میں دبئی سے ایک اور پرواز 149 پاکستانیوں کو لیکر فیصل ۱ٓباد ایئر پورٹ پہنچ گئی ہے

فیصل آباد (سٹار نیوز آن لائن) بیرون ممالک سے سمندر پار پاکستانیوں کی تسلسل کے ساتھ وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور اس ضمن میں دبئی سے ایک اور پرواز 149 پاکستانیوں کو لیکر فیصل ۱ٓباد ایئر پورٹ پہنچ گئی ہے جس میں 2 میتیں بھی شامل ہیں جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ایئر پورٹ پر سکریننگ اور سیمپلنگ کے بعدمختلف کورنٹائن سنٹرز میں قرنطینہ کردیا گیاہے نیزانتظامی حکام نے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کورونا کرائسز مینجمنٹ سیل کو موصولہ فون کالز کے ساتھ ساتھ میڈیا رپورٹس پر بھی گہری نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے جس کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کے علاج معالجہ پرمامور ڈاکٹرز ،نرسزوپیرا میڈیکل سٹاف کی صحت کابھی خاص خیال رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
فیصل ۱ٓباد ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے منگل کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ڈپٹی کمشنرفیصل ۱ٓباد محمدعلی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول اورسول ڈیفنس آفیسر رانا محمد عباس نے پاک آرمی کے آفیسر لیفٹیننٹ ارسلان کے ہمراہ فیصل ۱ٓباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والی فلائٹ کے 149مسافروں کی سکریننگ اور ان کی سیمپلنگ کرانے کے بعد86 مسافروں کو جی سی یونیورسٹی گرلز ہوسٹل نیو کیمپس جھنگ روڈ،20 کوگرینڈ ہوٹل،14کو ہوٹل ون،14کو پرائم ہوٹل،13 کوپرائم ویو ہوٹل،ایک میت کو ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ایک میت کو پشاور بھجوادیا۔
انہوں نے بتایا کہ نیگیٹو آنے والے مسافروں کو بلاتاخیر ان کے گھروں میں بھجوایا جارہا ہے۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ڈی سی آفس میں قائم کورونا کرائسز مینجمنٹ سیل کا اچانک دورہ کیا اور ڈیوٹی سٹاف کو سخت تاکید کی کہ کرائسز مینجمنٹ سیل کی ڈیوٹی انتہائی اہمیت کی متقاضی ہے لہٰذا ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے موصولہ معمولی سی بھی معلومات پر فوری ردعمل کا مظاہرہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیشگی اقدامات کو چوکس رکھا گیا ہے جس میں کسی قسم کی غفلت کی گنجائش نہیں۔انہوںنے کہا کہ موصولہ فون کالز کے ساتھ ساتھ میڈیا رپورٹس پر بھی گہری نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ سیل کے شفٹ انچارجز نہ صرف خود بلکہ متعلقہ سٹاف کو بھی چوکس رکھیں نیزانہیں کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہی ہونی چاہیے۔
انہوںنے شہریوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے خدشات کے باعث اپنے آپ کو گھروں میں محدودرکھنے سمیت حفاظتی، تدارکی،احتیاطی تدابیر پر ذمہ داری سے عمل کریںاوربلاوجہ گھروں باہر نہ جائیں اورانتہائی ضرورت کے تحت باہر جاتے وقت فیس ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال یقینی بنائیںنیزہاتھ ملانے یا بغل گیر ہونے سے گریز کریںاوراپنی واہل خانہ کی صحت کے تحفظ کے پیش نظر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں تاکہ وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کے علاج معالجہ پرمامور ڈاکٹرز،نرسز وپیرا میڈیکل سٹاف کی بھی صحت کاخاص خیال رکھنے اورانہیں حفاظتی سازوسامان وکٹس کی فراہمی میں رکاوٹ نہ ۱ٓنے دینے کا حکم دیا۔انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ نیگیٹورپورٹ ۱ٓنے پر مسافروں کو ان کے آبائی گھروں میں بھجوانے میں تاخیر نہ کی جائے تاکہ ہوٹلز اور کورنٹائن سنٹرز پر بوجھ کو کم سے کم کیا جاسکے۔