رحیم یار خان میں ریس لگانے پر گدھے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس موقع پر مزید 8 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جو اس جوے میں شامل تھے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ بی ڈویژن کے پولیس اہلکاروں نے جوے کی بنیاد پر چلنے والی گدھے کی دوڑ کے دوران چھاپہ مارکر 8 افراد کے علاوہ ریس لگانے والے گدھے کو بھی گرفتارکر لیا ہے۔
اس حوالے سے پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چھاپے کی دوران جوے پر لگائی جانے والی 1 لاکھ 20 ہزار کی رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے جس کے بعد موقع پر موجود 8 ملزمان کو ایک گدھے کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گدھے کو گرفتار کرنے کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ وہ جوے کی ریس میں دوڑلگاتا تھا۔ گدھے کی گرفتاری جان بوجھ کر کی گئی یا کسی کی غلطی تھی، اس بارے میں کچھ بھی کہنا مناسب نہ ہو گا، مگر اس گرفتاری پر بات کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ کا کہنا تھا کہ چونکہ گدھا ایف آئی آر میں شامل ہے، اس لئے اسے چھوڑ نہیں سکتے۔