ساہیوال ۔ماحولیاتی آلودگی اور اس سے پیدا ہونے والی بیماریاں انسانی صحت کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے جن سے بچاؤ صفائی کو یقینی بنا کر اور درخت لگا کر ہی ممکن ہے ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید
ساہیوال(سٹار نیوز آن لائن )ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور اس سے پیدا ہونے والی بیماریاں انسانی صحت کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے جن سے بچاؤ صفائی کو یقینی بنا کر اور درخت لگا کر ہی ممکن ہے،وزیر اعظم عمران خان کا ‘پلانٹ فار پاکستان’ پروگرام نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کا ایک اہم منصوبہ ہے بلکہ اس سے درختوں کی کمی دور ہونے کے ساتھ ساتھ سر سبز پاکستان کا خواب بھی پورا ہو گا -انہوں نے یہ بات اپنے دفتر کے لان میں پودا لگا کر ضلع ساہیوال میں ‘پلانٹ فار پاکستان’ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کہی – اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سید اسد رضا کاظمی،محمد فاروق اکمل اور محمد فاروق صادق اور ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد نے بھی پودا لگایا -انہوں نے متعلقہ اداروں خصوصا محکمہ تعلیم اور صحت کے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے سکولوں اور مراکز صحت پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں -انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہر شخص اپنے حصے کا پودا لگا کر وزیر اعظم کے اس اہم پروگرام کو کامیاب کرے جس کے لئے محکمہ جنگلات مفت پودے فراہم کر رہا ہے -تقریب میں ڈی ایف او ملک وسیم سجاد نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں 10ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور محکمہ جنگلات کی ضلع بھر میں قائم 5نرسریوں میں عوام کو مفت پودے فراہم کئے جا رہے ہیں -ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت کے لئے اقدامات کرنے پر بھی زور دیا اور تمام محکموں کو ہدایت کی کہ پودوں کی بروقت آبیاری کو بھی یقینی بنایا جائے –
رپورٹ
حافظ محمد اقبال سحر سٹاف رپورٹر ساہیوال













