سرگودھا ،پسند کی 6 شادیاں کرنے والی لڑکی کو بھائی نے قتل کردیا
بھائی کے اپنی ہی بہن کے بارے میں اہم انکشافات
سرگودھا (سٹار نیوز آن لائن ) سرگودھا میں پسند کی 6 شادیاں کرنے والی بہن کو بھائی نے قتل کرکے لاش کو گھر میں ہی دفنادیا ۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے نواحی گاؤں 17جنوبی ٹانگوں والی کی رہائشی 30 سالہ نگہت پروین کو پسند کی 6 شادیاں کرنے پر اس کے بھائی نے قتل کرکے لاش کو گھر میں ہی دفنادیا پولیس کے مطابق نگہت پروین کے چھٹے شوہر وسیم امجد نے 17اگست 2020ء کو تھانہ صدر میں اس کے اغوا کا مقدمہ درج کرویا جس کے بعد پولیس نے نگہت کی تلاش شروع کی تو خاتون کے موبائل فون سے کی گئی آخری کال کی لوکیشن والدین کے گھر کا پتہ بتارہی تھی جس پر پولیس نے نگہت پروین کے گھر والوں سے رابطہ کیا تاہم ان کی طرف سے یہی بتایا جاتا رہا کہ خاتون اپنے دوستوں کے ساتھ اسلام آباد گئی ہوئی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ پولیس کی طرف سے تفتیش جاری رکھی گئی اور نگہت پروین کے22سالہ بھائی عبداللہ ہاشم سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے کئی انکشافات کیے۔ پولیس کے مطابق نگہت پروین کے بھائی عبداللہ ہاشم نے بتایا کہ اس کی بہن گزشتہ 8 برسوں سے ان کی بدنامی کا باعث بن رہی تھی کیونکہ وہ اب تک اپنی پسند کی6شادیاں کرچکی تھی جس کی وجہ سے گاؤں کے لوگ بھی اس کی بہن کے کردار کی وجہ سے ان سب کو اچھا نہیں سمجھتے تھے، اسی لیے جب وہ چھٹی شادی کرکے گھر آئی تو اس کے بھائی عبدللہ ہاشم نے نگہت پروین کو کمرے میں بند کرکے فائرنگ کرتے ہوئے قتل کردیا جبکہ اس کی لاش کو کمرے میں ہی دفنا دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون کے بھائی کی طرف سے اعتراف جرم کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا اور آلہ قتل بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔












