گورنمنٹ آف دی پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر 9 مارچ 2024 کو ضلع لیہ اور تحصیل چوبارہ کے مدارس میں ثقافتی دن کے حوالے سے رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کیا گیا
لیہ (سٹارنیوزرپورٹ)گورنمنٹ آف دی پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر 9 مارچ 2024 کو ضلع لیہ اور تحصیل چوبارہ کے مدارس میں ثقافتی دن کے حوالے سے رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ تقریبات میں طلبہ نے روایتی ملبوسات اور روایتی چیزوں کے ذریعے مختلف قسم کے پروگرام پیش کیے۔ ثقافتی دن کے منانے کا مقصد طلباء اور عوام میں اپنی روایات، رسم و رواج، اخلاقی اور تہذیبی پہلوؤں کو اجاگر کرنا ہے ۔ طلبہ روایتی لباس پگڑی، ٹوپی ،چادر، اور اسی طرح رویتی چیزوں حقہ، پہوڑا، کسی، چھبی، چنگیر، چھج ،چھری ڈیوا جیسی چیزوں کے ذریعے اپنی ثقافت کو چار چاند لگاتے رہے۔ مختلف سکولوں میں طلباء نے گلی ڈنڈا، کوکڑا چھپاکی، پیٹوگرام، لوک چھپڑاور اس طرح کی منفرد کھیلوں کے ذریعے بھی اپنی ثقافت کو روشناس کروایا۔ ثقافتی دن منانے کا مقصد طلبہ اور عوام میں محبت، خلوص، پیار اور امن کا درس دینا اور اپنے اباؤ اجداد کی یاد کو تازہ کرنا ہے۔ میلے اور ثقافتی پروگرام ہمیں ایک دوسرے سے محبت کرنے نفرتوں اور منافقتوں کو ختم کرنے کا درس دیتے ہیں ۔ سکولوں کے دوروں کے درمیان گل شیر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چوبارہ نے طلبہ اور اساتذہ کی پرفارمنس کو سراہا اور ثقافتی دن کے حوالے سے طلبہ اور عوام کو اخلاقی، تہذیبی، معاشی، معاشرتی، خاندانی اور روایتی طرز زندگی کے بارے میں بتایا۔ اسی طرح ثقافتی دن کے حوالے سے مرکزی تقریب گورنمنٹ پرائمری سکول چوبارہ میں منعقد کی گئی جس میں طلباء نے اپنی ثقافت کے لحاظ سے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ روایتی دن جہاں پر ہمیں زندگی گزارنے کا ڈھنگ بتاتے ہیں اسی طرح لوگوں کی معاش کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔
رپورٹ امتیاز شیخ













