چوہدری طاہر محمود کی بطور پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول رجانہ تعیناتی، نعت خواں مرزا ضیاء الرحمن کی جانب سے مبارکباد

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)محکمہ تعلیم حکومت پنجاب نے سینئر ماہر تعلیم اور سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایجوکیشن اتھارٹی، چوہدری طاہر محمود کو گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول رجانہ کا پرنسپل تعینات کر دیا ہے۔ ان کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر فرائض کی انجام دہی کا آغاز کر دیا ہے۔چوہدری طاہر محمود کو شعبۂ تعلیم میں کئی دہائیوں پر محیط تجربہ، قائدانہ صلاحیتیں اور ادارہ جاتی نظم و نسق میں مہارت حاصل ہے۔ ان کی تعیناتی کو تعلیمی حلقوں اور رجانہ کے عوامی و سماجی طبقات میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔اس موقع پر رجانہ کے معروف نعت خواں مرزا ضیاء الرحمن نے انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پھولوں کا خوبصورت گلدستہ بھی پیش کیا۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری طاہر محمود جیسے دیانتدار اور فرض شناس افسر کی بطور پرنسپل تعیناتی گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول رجانہ کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے، جس سے تعلیمی معیار میں مزید بہتری آئے گی۔رجانہ کے عوامی حلقوں نے بھی چوہدری طاہر محمود کی بطور پرنسپل تقرری کو خوش دلی سے سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنے تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں سے ادارے کو تعلیمی ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔