بریگیڈیئر (ر) جاوید اکرم کی ناساز طبیعت — دعا کی اپیل

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انورسے)ملکی دفاع کے عظیم سپوت، محب وطن شخصیت اور سابق فوجی افسر بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) جاوید اکرم اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں زیر حراست ہیں، جہاں ان کی طبیعت نہایت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ان کی بگڑتی ہوئی صحت پر اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور ان سے محبت رکھنے والے حلقے سخت تشویش کا شکار ہیں۔ذرائع کے مطابق بریگیڈیئر جاوید اکرم کئی دنوں سے مختلف پیچیدہ طبی مسائل کا شکار ہیں اور جیل میں موجود طبی سہولیات ان کے لیے ناکافی ثابت ہو رہی ہیں۔ ان کے اہلِ خانہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کی فوری طبی معائنہ کے لیے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جائے اور انہیں کسی معیاری اسپتال میں منتقل کیا جائے۔بریگیڈیئر (ر) جاوید اکرم پاکستان آرمی کے ان نڈر اور قابل افسران میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی ملک و قوم کی خدمت اور سلامتی کے لیے وقف کی۔ وہ نہ صرف عسکری میدان میں نمایاں خدمات کے حامل ہیں بلکہ ان کا شمار ان محب وطن افراد میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ آئین، قانون اور قومی وقار کی پاسداری کی۔سوشل میڈیا پر ان کی خرابیٔ صحت کی خبریں جنگل کی آگ کی طرح پھیل چکی ہیں۔ مختلف حلقوں سے اظہار تشویش کے ساتھ ساتھ ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ عوامی، سماجی، عسکری اور سیاسی شخصیات نے اپیل کی ہے کہ بریگیڈیئر جاوید اکرم کے ساتھ انسانی ہمدردی اور آئینی تقاضوں کے تحت سلوک کیا جائے۔ہم سب کے لیے یہ وقت اتحاد، ہمدردی اور دعا کا ہے۔تمام دوست احباب، محب وطن شہریوں، سابق فوجی افسران اور عوام الناس سے درخواست ہے کہ بریگیڈیئر (ر) جاوید اکرم کی جلد صحتیابی کے لیے دل سے دعا کریں۔
اللہ تعالیٰ انہیں مکمل صحت، تندرستی، اور لمبی زندگی عطا فرمائے۔
آمین ثم آمین۔