وکلاء برادری کے حقوق کی سربلندی کے لیے مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے: چوہدری احتشام انور رائے ایڈووکیٹ
بار کا وقار، کالے کوٹ کا تقدس اور وکلاء کی عزت ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، امیدوار برائے ممبر پنجاب بار کونسل سیٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ 30، 2025ء اور معروف سینئر قانون دان چوہدری احتشام انور رائے ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وکلاء برادری کے حقوق کی پاسداری اور ان کے وقار کی حفاظت کے لیے ہم سب کو مشترکہ طور پر جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بار کا تقدس، کالے کوٹ کی عظمت، اور قانون کی بالادستی کے اصول ہماری رہنمائی کے ستون ہیں جن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی مختلف بار ایسوسی ایشنز کے دورے کے دوران وکلاء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکلاء قانون کی عملداری کے سچے محافظ ہیں، اور ان کی صفوں میں اتحاد، محبت اور اخوت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔چوہدری احتشام انور رائے ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ وکلاء برادری ہمارے دست و بازو ہیں، اور جن میں باہمی احترام، اتفاق اور تعاون کا جذبہ ہوتا ہے، وہی حقیقی کامیابی اور عزت کے مستحق ٹھہرتے ہیں۔ محبتیں قربتیں بڑھاتی ہیں، اور ہمیں وکلاء کے درمیان ہم آہنگی اور خیرسگالی کو فروغ دینے کے لیے ہر سطح پر کردار ادا کرنا ہوگا۔ان کے ان خیالات کو بارز میں موجود وکلاء نے سراہا اور ان کے جذبہ و خلوص کی تعریف کی۔










