اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ منور حسین کملانہ سیال کی زیر صدارت مارکیٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ منور حسین کملانہ سیال کی زیر صدارت مارکیٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مارکیٹ کمیٹی سے منسلک مختلف ٹھیکہ جات کی نیلامی کی گئی۔ اس اجلاس میں نرخنامہ، سائیکل اسٹینڈ اور مارکیٹ فیس کے معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس کے دوران نیلامی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف اور منصفانہ انداز میں مکمل کیا گیا۔ مختلف ٹھیکہ جات کے لیے موصول ہونے والی بولیوں کا بغور جائزہ لیا گیا اور موزوں امیدواروں کو قواعد و ضوابط کے مطابق ٹھیکے الاٹ کیے گئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی کے تمام امور کو عوامی فلاح و بہبود کے اصولوں کے مطابق چلایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مارکیٹ میں نظم و ضبط برقرار رکھنا، سرکاری نرخنامے پر سختی سے عمل کروانا، اور عوام کو سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ فیس، پارکنگ اور دیگر انتظامی امور میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس اجلاس میں مارکیٹ کمیٹی کے دیگر متعلقہ افسران اور نیلامی میں حصہ لینے والے افراد بھی شریک تھے، جنہوں نے شفاف عمل کی تعریف کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا۔*













