شور کوٹ۔اسسٹنٹ کمشنر شازیہ رحمن کی تعیناتی علاقے کے لیے ایک خوش آئند فیصلہ ہے عوامی حلقے

شورکوٹ (سٹارنیوز) کسی بھی علاقے کی ترقی و خوشحالی کا دارومدار وہاں تعینات انتظامی افسران کی نیک نیتی، قابلیت اور جذبہ خدمت پر ہوتا ہے۔ شورکوٹ کی خوش نصیبی ہے کہ یہاں اس وقت اسسٹنٹ کمشنر کے منصب پر شازیہ رحمن جیسی ایماندار، دبنگ اور عوام دوست آفیسر تعینات ہیں۔تعیناتی کے قلیل عرصہ میں ہی انہوں نے عوامی مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے کاموں کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔ شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے جس سے شہریوں کو سکون کا سانس ملا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شازیہ رحمن نے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے اپنے دفتر میں کھلی کچہریوں کا آغاز کیا ہے۔ اس روایت کو عوام نے بے حد سراہا ہے کیونکہ ماضی میں اس کی مثال شاذ و نادر ہی ملتی ہے۔ کھلی کچہری میں شہریوں کی درخواستوں کو نہ صرف فوری طور پر سنا جاتا ہے بلکہ موقع پر ہی احکامات جاری کرکے ان کے مسائل حل کرنے کی ٹھوس کوشش کی جاتی ہے۔شورکوٹ کے عوامی حلقے اس بات پر متفق ہیں کہ شازیہ رحمن کی تعیناتی علاقے کے لیے ایک خوش آئند فیصلہ ہے۔ وہ نہ صرف قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہیں بلکہ عوام کو یہ احساس بھی دلاتی ہیں کہ حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت موجود ہے۔اسسٹنٹ کمشنر شازیہ رحمن کا کہنا ہے کہ شورکوٹ کے عوام کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے۔ ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے سخت ترین اقدامات کیے جائیں گے اور کسی کو بھی عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی یقیناً اگر اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رہا تو بہت جلد شورکوٹ ترقی و خوشحالی کی نئی مثال بن جائے گا۔ شازیہ رحمن نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر نیت صاف ہو اور عوامی خدمت کا جذبہ دل میں ہو تو مختصر مدت میں بھی بڑے سے بڑا کام سرانجام دیا جا سکتا ہے۔*

رپورٹ رانا شبیر احمد سٹارنیوز شورکوٹ