الکرامت سکول کوٹ اسلام میں پوزیشن ہولڈر طلباء و اساتذہ کے اعزاز میں پروقار تقریب

کوٹ اسلام(نامہ نگار) آج 25 ستمبر بروز جمعرات، الکرامت پبلک سکول کوٹ اسلام میں نہم کلاس کے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات اور ان کے اساتذہ کرام کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں سینئر ماہرین تعلیم سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانانِ گرامی نے شرکت کی اور شاندار کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات کو اعزازی شیلڈز سے نوازا۔

تحصیل بھر میں اول پوزیشن حاصل کرنے والی ہونہار طالبہ علیزہ نواز نے شیلڈ وصول کرنے کے بعد اپنے چار سالہ تعلیمی سفر (جماعت ہفتم سے میٹرک تک) کا ذکر بڑے فخریہ انداز میں کیا اور اپنی کامیابی کو الکرامت سکول کے قابل اساتذہ اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا۔

تقریب کے دوران نہم و دہم جماعت کے کہنہ مشق اساتذہ کو بھی ان کی محنت، قابلیت، تدریسی لگن اور غیر معمولی تعلیمی خدمات پر اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر سینئر استاد محترم ممتاز صاحب نے الکرامت سکول کی دہائیوں پر محیط شاندار تعلیمی خدمات پر بانی ادارہ رانا محمد سلیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ساتھ ہی نوجوان قیادت ڈائریکٹر محمد زاہد سروش اور ان کی تجربہ کار ٹیم کو شاندار رزلٹ پر مبارکباد بھی پیش کی۔

پرنسپل سپیریئر کالج محترم شاہد جمیل صاحب ،بانی پریس کلب محترم منور اقبال تبسم اور سئنیئر ٹیچر محترم اسلم صاحب نے الکرامت سکول کی کامیابی کو انتظامیہ اور اساتذہ کی شبانہ روز محنت و بہترین قیادت کا ثمر قرار دیا اور ادارے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر طلباء اور اساتذہ نے اس شاندار پذیرائی پر سکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی اسی جذبے اور محنت کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے کی خوبصورت دھن پر ہوا۔