چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جھنگ محترمہ عقیلہ انتخاب خان نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ دنیا کے سب سے بڑے اور عظیم معلم ہیں جنہوں نے جہالت کے اندھیروں کو علم کی روشنی سے ختم کیا اور انسانیت کا درس دیا۔ آپ ﷺ کی تعلیمات تمام انسانیت کے لیے مشعلِ راہ اور ذریعۂ نجات ہیں۔ خوش نصیب ہیں وہ اساتذہ جو پیشۂ پیغمبری سے وابستہ ہیں

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جھنگ محترمہ عقیلہ انتخاب خان نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ دنیا کے سب سے بڑے اور عظیم معلم ہیں جنہوں نے جہالت کے اندھیروں کو علم کی روشنی سے ختم کیا اور انسانیت کا درس دیا۔ آپ ﷺ کی تعلیمات تمام انسانیت کے لیے مشعلِ راہ اور ذریعۂ نجات ہیں۔ خوش نصیب ہیں وہ اساتذہ جو پیشۂ پیغمبری سے وابستہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ اساتذہ (World Teachers’ Day) کے موقع پر ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔محترمہ عقیلہ انتخاب خان نے کہا کہ اساتذہ کی اہمیت، مقام اور احترام کا اعتراف کرنا ہر فرد پر لازم ہے کیونکہ قوموں کی سوچ، فکر اور تربیت کی راہیں متعین کرنے میں اساتذہ کا کردار نہایت بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہی قوموں کی ترقی، کامیابی اور مضبوط کردار سازی میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے یکساں نصابِ تعلیم کا نفاذ معاشرے کے تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کر رہا ہے جو تعلیم کے فروغ کے لیے ایک مثبت اور تاریخی قدم ہے۔عقیلہ انتخاب خان نے کہا کہ اساتذہ کی عزت و تکریم کی بدولت ہی طلبہ ترقی اور کامیابی کا سفر طے کرتے ہیں انہوں نے اپنے اور پورے ملک کے تمام اساتذہ کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی کامیابی اپنے اساتذہ کے نام کی۔ان کا کہنا تھا کہ “میں آج جس مقام پر ہوں، اس میں میرے اساتذہ کا بہت بڑا کردار ہے۔”انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں اساتذہ کو ان کا اصل مقام اور حقیقی رتبہ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اساتذہ قوم کے محسن اور ہمارا افتخار ہیں۔ آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ اساتذہ کے احترام اور وقار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔محترمہ عقیلہ انتخاب خان نے مزید کہا کہ ملک و قوم کی تقدیر تعلیم سے ہی سنور سکتی ہے، اور چونکہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، لہٰذا ان کا احترام سب پر لازم ہے۔ دنیا کی وہی قومیں ترقی کے بامِ عروج تک پہنچی ہیں جنہوں نے اپنے اساتذہ کی قدر کی۔انہوں نے کہا کہ علم دوست معاشرے آج اساتذہ کی محنت، توجہ اور خلوص کی بدولت آسمان کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں ورلڈ ٹیچرز ڈے قوم کے معماروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہےانہوں نے کہا کہ معاشرے میں استاد کے کردار کو مزید موثر اور فعال بنانے کی ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلیں ایک بہتر، روشن اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ سکیں۔*