پیرا فورس نظم و ضبط، قانون اور عوامی خدمت کا استعارہ
تحریر: محمد زاہد مجید انور
*ٹوبہ ٹیک سنگھ آج کے دور میں جہاں شہری مسائل میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، وہاں قانون کی بالادستی اور نظم و ضبط کو یقینی بنانا کسی بھی حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ایسے میں پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق کام کرنے والی پیرا فورس ایک مؤثر اور متحرک قوت کے طور پر سامنے آئی ہے جو عوامی سہولت، صفائی، شفافیت اور انصاف کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر میڈم صدف ارشاد، جو اپنی صلاحیتوں، فرض شناسی اور جذبۂ خدمت کی وجہ سے جانی جاتی ہیں، نے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع بھر میں پیرا فورس کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور گرانفروشی کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے، جس کے تحت متعدد مقامات پر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ عوامی سہولت، شفاف نظام اور قانون کی بالادستی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پیرا فورس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کر رہی ہے، اور روزانہ کی بنیاد پر ایسی کارروائیاں کی جا رہی ہیں جن سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچ رہا ہے۔میڈم صدف ارشاد نے نہایت مدلل انداز میں یہ بات بھی کہی کہ پیرا فورس کا مقصد صرف کارروائی کرنا نہیں بلکہ قانونی آگاہی اور نظم و ضبط کے فروغ کے ذریعے شہریوں میں احساسِ ذمہ داری پیدا کرنا ہے۔ ان کے مطابق اگر عوام خود قانون کی پاسداری کریں تو تجاوزات اور گرانفروشی جیسے مسائل خود بخود ختم ہو سکتے ہیں۔خصوصی ملاقات کے دوران، جس میں راقم الحروف یعنی ڈسٹرکٹ انجمنِ صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور بھی موجود تھے، میڈم صدف ارشاد نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری عوامی مسائل اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ پیرا فورس میڈیا کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کیونکہ مثبت صحافت سماج میں قانون کی پاسداری اور ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دیتی ہے۔انہوں نے آخر میں شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کو ایک صاف، منظم اور قانون کے مطابق مثالی شہر بنایا جا سکے۔درحقیقت، اگر ہر ادارہ اسی جذبے سے کام کرے جس عزم کے ساتھ پیرا فورس میدانِ عمل میں ہے، تو ہمارا ضلع ہی نہیں، پورا صوبہ ایک خوشحال، منظم اور انصاف پر مبنی معاشرہ بن سکتا ہے۔*










