ضلع کونسل جھنگ کے زیر اہتمام گزشتہ روز مجید امجد پارک میں سیرت النبی کانفرنس اور محفل سماع کا اہتمام کیا گیا
جھنگ (سٹارنیوز) ضلع کونسل جھنگ کے زیر اہتمام گزشتہ روز مجید امجد پارک میں سیرت النبی کانفرنس اور محفل سماع کا اہتمام کیا گیا ۔ کانفرنس میں معروف مذہبی سکالر سید بلال قطب شاہ نے خصوصی خطاب کیا جبکہ ملک کے نامور نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت نچھاور کئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر تھے جبکہ ڈی پی او کیپٹن(ر) بلال افتخار کیانی، چیف آفیسر ضلع کونسل مہر محمد اکرم بھروآنہ، سابق ممبران صوبائی اسمبلی مہر محمد اسلم بھروآنہ، مہر سلطان سکندر بھروآنہ ، اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی ، مولانا آصف معاویہ سیال ، صدر پریس کلب جھنگ لیاقت علی انجم ، مکرم وحید شیخ، طلباء و طالبات ، اساتذہ کرام ، وکلاء اور صحافی برادری سمیت بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے سیرت النبی کانفرنس میں بھر پور شرکت کی۔ کانفرنس کی نظامت کے فرائض انیس حیدر نے سر انجام دیئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید بلال قطب نے کہا کہ مسلمان اپنے نبی کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق اپنے کردار کو ڈھال کر اپنی زندگیوں میں انقلاب لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم اپنے اعمال میں ایک دوسرے سے برتری حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں حالانکہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک ہمارے اعمال سے زیادہ ہمارا کردار اہم ہے اور روز محشر بے شک ہمارے اعمال کا پلڑا بھاری بھی ہو لیکن اگر ہمارا کردار ہمارے نبی کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق نہ ہوا تو ہمارے اعمال کسی کام نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے کردار کو اپنے پیارے رسول کے کردار کے مطابق بنانے کی بھر پور سعی کریں تاکہ آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔ سیرت النبی کانفرنس کے بعد محفل سماع کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں معروف اور نامور قوال اعجاز حسین بلا نے بارگاہ رسالت میں نذرانے پیش کئے۔ تقریب کے ا ختتام پر مہمانوں کو ضلع کونسل جھنگ کی جانب سے یادگاری شیلڈز بھی دی گئیں۔













