تعلیم و خدمت — ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گڈ گورننس کی عملی تصویر

تحریر: محمد زاہد مجید انور

*ٹوبہ ٹیک سنگھ کی انتظامی سرگرمیوں میں ایک بار پھر امید کی کرن نظر آئی جب ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گڈ گورننس ویژن کے تحت ضلع میں تعلیمی معیار کے فروغ اور عوامی خدمت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کا جائزہ لیا گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 1، کمالیہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اقرا ناصر بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ دورے کا مقصد وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس ویژن کو عملی جامہ پہنانا تھا جس کے تحت پنجاب کے تمام سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے معیار، نظم و ضبط، اور تدریسی کارکردگی کو بہتر بنانا ہےڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے اسکول کے کلاس رومز، سائنس و کمپیوٹر لیب، لائبریری اور دیگر حصوں کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے اساتذہ و عملے کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں اور طلباء کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف کلاسوں میں جا کر براہِ راست طلباء سے سوالات کیے، ان سے سبق سنا، اور ان کی تعلیمی استعداد کا عملی مشاہدہ کیا۔انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ محنت، نظم و ضبط اور تعلیم کے تسلسل کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، کیونکہ یہی عناصر ترقی کی بنیاد ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ سے ملاقات کے دوران تدریسی معیار، امتحانی نتائج اور نظم و ضبط پر تفصیلی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ”تعلیم قوم کی ترقی کی بنیاد ہے، اساتذہ اپنی ذمہ داریاں خلوصِ نیت سے انجام دیں تاکہ ہمارا مستقبل مضبوط ہاتھوں میں ہو۔”انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ اسکولوں میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ صفائی، نظم و ضبط، اور اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ طلباء ایک ذمہ دار شہری کے طور پر معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں ڈپٹی کمشنر نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے اور طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ کا بھی اچانک دورہ کیا۔انہوں نے ادویات کی فراہمی، صفائی، اور مریضوں کے علاج کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔یہ دورہ اس حقیقت کا مظہر ہے کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انتظامیہ گڈ گورننس کے اصولوں کو صرف بیانات تک محدود نہیں رکھ رہی بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود اور تعلیمی ترقی کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو یقیناً وہ وقت دور نہیں جب ٹوبہ ٹیک سنگھ تعلیم، صحت، نظم و نسق اور شفاف انتظامیہ کے حوالے سے پنجاب کا ایک مثالی ضلع بن کر اُبھرے گا۔*