عوامی راستے عوام کے لیے تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی

تحریر: محمد زاہد مجید انور، ٹوبہ ٹیک سنگھ

*شہری زندگی کی بنیادی ضرورتوں میں سے ایک صاف ستھرا، منظم اور کھلا شہر ہے، جہاں ہر شہری کو آمد و رفت میں آسانی میسر ہو اور بازاروں میں خریدار و دکاندار دونوں سکون سے اپنے کام انجام دے سکیں۔ مگر بدقسمتی سے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ناجائز تجاوزات نے ہمارے شہروں کے حسن اور شہری نظم و ضبط کو بُری طرح متاثر کیا ہے۔اسی پس منظر میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ کی خصوصی ہدایت پر رجانہ میں تجاوزات کے خلاف ایک کامیاب اور بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔ اس آپریشن کی نگرانی سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس میڈم صدف ارشاد نے خود کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال بھی موقع پر موجود رہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے نہ صرف کاغذی کارروائی کی بلکہ عملی طور پر میدان میں اُتر کر عوامی مسائل کے حل کا بیڑا اُٹھایا۔رجانہ چوک، کمالیہ روڈ، سمنڈری روڈ اور پیرمحل روڈ سے درجنوں غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔ دوکانداروں نے فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر سامان رکھ کر نہ صرف عوامی راستے تنگ کیے ہوئے تھے بلکہ ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہو رہی تھی۔ اس موقع پر میڈم صدف ارشاد کا مؤقف قابلِ توجہ تھا کہ حکومتِ پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ عوامی راستوں، بازاروں اور شاہراہوں پر کسی بھی قسم کی ناجائز تعمیر یا قبضہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ رجانہ چوک کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک کیا جائے گا، اور جو عناصر عوامی جگہوں پر قبضہ کرنے کے عادی ہیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صفائی، نظم و ضبط اور شہری سہولتوں کی فراہمی کے لیے انتظامیہ ہمہ وقت متحرک ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ میڈم صدف ارشاد اور ان کی ٹیم نے جس سنجیدگی اور عزم کے ساتھ تجاوزات کے خلاف کارروائی کی، وہ قابلِ تحسین ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے بھی انتظامیہ کے اس اقدام کو بھرپور سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف ٹریفک کا نظام بہتر ہوگا بلکہ شہریوں کو آمد و رفت میں بھی واضح سہولت حاصل ہوگی۔درحقیقت، تجاوزات صرف پتھروں اور دیواروں کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ شہری نظم و ضبط، صفائی اور قانون کی عملداری کا امتحان ہے۔ جب عوام اپنی ذمہ داری سمجھیں گے اور انتظامیہ دیانتداری سے اپنا کردار ادا کرے گی، تو شہر واقعی “ستھرا پنجاب” کے وژن کی حقیقی تصویر بن سکیں گے۔یہ وقت ہے کہ ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ عوامی راستے عوام کے لیے ہیں،نہ کسی ذاتی دکان کے لیے، نہ کسی وقتی مفاد کے لیے۔ ایک منظم، صاف، اور قانون پسند معاشرہ ہی ترقی کا حقیقی راستہ ہے۔*