آگاہی، تفریح اور صحت مند معاشرہ ایجوکیشن و فیملی پلاننگ میلہ

تحریر : محمد زاہد مجید انور

*کسی بھی قوم کی ترقی کا دار و مدار تعلیم، صحت اور شعور پر ہوتا ہے۔ خصوصاً ماں اور بچے کی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی جیسے حساس مگر نہایت اہم موضوعات پر آگاہی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ اسی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ایجوکیشن و فیملی پلاننگ میلہ 21 جنوری بروز بدھ کو ضلعی کرکٹ اسٹیڈیم، ٹوبہ روڈ جھنگ میں منعقد کیا جا رہا ہے، جو دوپہر 11 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔یہ میلہ محض ایک تفریحی سرگرمی نہیں بلکہ عوامی شعور اجاگر کرنے کی ایک سنجیدہ اور بامقصد کوشش ہے، جس میں تعلیم، صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے پیغام کو عوام تک خوشگوار اور مؤثر انداز میں پہنچانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ میلے میں فیملیز، خواتین اور بچوں کیلئے خصوصی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں تاکہ ہر طبقہ فکر اس سے مستفید ہو سکے۔میلے میں بچوں اور فیملیز کی دلچسپی کیلئے مختلف تعلیمی و تفریحی سرگرمیاں شامل کی گئی ہیں جن میں میوزیکل چیئر، ملی نغمے، معلوماتی کوئز پروگرام، صحت مند بچوں کا مقابلہ اور پینٹنگ مقابلہ نمایاں ہیں۔ اس کے علاوہ عوام کی تفریح کیلئے قوالی پروگرام کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جو میلے کو مزید پرکشش بنائے گا۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے نہ صرف بچوں کی ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا بلکہ والدین کو بھی صحت اور تعلیم کے حوالے سے اہم پیغام دیا جائے گا۔اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد نعیم کا کہنا ہے کہ اس میلے کا بنیادی مقصد عوام میں تعلیم کی اہمیت، ماں اور بچے کی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔ ان کے مطابق تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے جب سنجیدہ پیغام دیا جاتا ہے تو وہ زیادہ دیرپا اور مؤثر ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی نہ صرف والدین بلکہ بچوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے، جس سے صحت مند اور خوشحال معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔محمد نعیم نے مزید بتایا کہ میلے کے دوران محکمہ صحت و پاپولیشن ویلفیئر کی جانب سے مختلف معلوماتی اسٹالز بھی لگائے جائیں گے جہاں شہریوں کو ماں اور بچے کی صحت، تولیدی صحت، خاندانی منصوبہ بندی اور دستیاب سہولیات کے بارے میں مفت مشاورت اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ بچوں کیلئے مزید دلچسپ سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ وہ مثبت اور تعمیری ماحول میں سیکھ سکیں۔انہوں نے ضلع بھر کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے ہمراہ اس میلے میں بھرپور شرکت کریں اور محکمہ صحت و پاپولیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔ بلاشبہ ایسے میلوں کا انعقاد عوامی شعور کی بیداری، صحت مند نسل کی تیاری اور متوازن خاندانی نظام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب بطور شہری ان مثبت سرگرمیوں میں شرکت کریں، سیکھیں اور سکھائیں، تاکہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جا سکے جہاں تعلیم یافتہ، صحت مند اور باخبر نسل پروان چڑھے۔ ایجوکیشن و فیملی پلاننگ میلہ اسی سمت ایک خوش آئند اور قابلِ تحسین قدم ہے۔*