ٹوبہ ٹیک سنگھ:انصاف میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، پولیس افسران اپنا قبلہ درست کریں: ڈی پی او فضل عباس
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ فضل عباس نے کہا ہے کہ انصاف میں تاخیر کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی اور تمام پولیس افسران اپنا قبلہ درست کر لیں۔ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز جرائم کے قلع قمع کے لیے اپنی کارروائیاں مزید تیز کریں جبکہ انصاف کی فراہمی میں ملزم اور مدعی دونوں برابر کے حق دار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈی پی او فضل عباس نے کہا کہ پولیس کا بنیادی فرض عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، جس کے لیے ضروری ہے کہ ہر شہری کی ہر صورت حال میں فوری دادرسی کی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہر آنے والے شخص کی شکایت پر غیر ضروری تاخیر کے بغیر کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ فریق کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں انہوں نے واضح کیا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر ناقابل قبول ہوگی۔ڈی پی او نے مزید کہا کہ درج مقدمات کی میرٹ پر یکسوئی کے لیے تحقیقات کے عمل میں تمام دستیاب وسائل، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اس سلسلے میں کسی بھی افسر یا اہلکار کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔*










