انجمن پٹواریان نے پٹواریوں کےحقوق کےلیے 11مئی سے قلم چھوڑ ہڑتال شروع کر دی۔کام زیادہ لیکن مراعات کم،فوری طور پر ہمیں اپنے حقوق دیے جائیں۔پٹواری سعید الرحمان

میانوالی(اللہ نواز خان) تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے پٹواریوں نے 11 مئی سے قلم چھوڑہڑتال شروع کر دی ہے۔انجمن پٹواریان کی طرف سے پٹواری سعیدالرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہڑتال اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ہمیں اپنے جائز حقوق نہیں مل جاتے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے پٹواریان پنجاب کی منظور شدہ سمری 2014ء بورڈ آف ریونیو پرفوری طور عمل درآمد کیا جائے۔سعید الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت سی ڈیوٹیاں سرانجام دینی پڑتی ہیں،لیکن معاوضے سے محروم رہتے ہیں۔انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مطالبات کو فوری طور پر منظور کیا جائے۔وہ مطالبات یہ ہیں۔1ـ حکومت پنجاب کی طرف سے منظور شدہ سمری 2014پر فوری طور پر عمل درآمد کیا جائے۔2-ہمیں گریڈ(گیارہ)11 میں پروموٹ کیا جائے۔3-ابھی تک ہمیں پرانے دور کے حساب سےTA/DA دیاجارہاہے،لہذا موجودہ دور کے حساب سے ٹی اے/ ڈی اے میں اضافہ کیا جائے۔4-فیلڈ ورک کے لیے علیحدہ الاؤنس دیا جائے.5-سرکاری دفتر یا دفتر کا کرایہ دیا جائے6. منسٹریل کوٹہ دیاجائے۔علاوہ ازیں میڈیکل الاؤنس اورطبی سہولیات فیڈرل ملازمین کی طرز پرفراہم کی جائیں۔سعید الرحمن نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات ہمیں 24،24 گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دینا پڑتی ہے۔مثال کے طور پر سمگلنگ روکنے کے لیے پٹواریوں کو فیلڈ میں بھیج دیا جاتا ہے یا کوئی سروے کرنے کے لیے ہمیں بھیجا جاتا ہے لیکن سہولیات نہیں ہوتیں۔ٹرانسپورٹ،رہائش،کھانا پینا سمیت کئی قسم کے مسائل ہمیں برداشت کرنا پڑتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے مختلف اداروں جیسے پیرا فورس،اربن یونٹ،PLRA اور دیگر منصوبے قائم کیے,جنہیں مکمل مراعات اور سہولیات دی گئیں۔مگر پٹواری کو ان سہولیات سے محروم رکھا گیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ صرف یہ ہے کہ ہمیں بھی دیگر محکموں کی طرح مناسب تنخواہ،الاؤنسز اور سہولیات فراہم کی جائیں۔اگر ہمارے مطالبات منظور نہ ہوئے تو ہماری ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔