لیڈی کانسٹیبل کو ہراساں کرنے اور زیرِ حراست ملزمہ سے بدسلوکی، کانسٹیبل ملازمت سے برخاست
جھنگ (رائے منظور عابد سے): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جھنگ ساجد حسین نے خواتین سے بدسلوکی اور ہراسانی کے معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے لیڈی کانسٹیبل کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور زیرِ حراست ملزمہ سے ناروا سلوک کے الزام میں کانسٹیبل تنویر امجد طاہر کو محکمانہ کارروائی کے بعد ملازمت سے برخاست کر دیا۔پولیس کے مطابق شکایت موصول ہونے پر فوری طور پر ریگولر انکوائری کا حکم دیا گیا۔ انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر کانسٹیبل کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے اسے ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
ڈی پی او ساجد حسین نے کہا کہ خواتین کی عزت و وقار پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وردی کو بدنام کرنے والی کالی بھیڑوں کے لیے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں، جبکہ قانون شکنی اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی جاری رہے گی۔
رپورٹ۔ رائے منظور احمد عابد
Ai generated photo













