کمالیہ منڈی موڑ کمالیہ پر واقع احسان سرجیکل نامی نجی ہسپتال کے ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کی وجہ سے ڈلیوری کیلئے آئی 24 سالہ شمائلہ جاں بحق ہو گئی
جاں بحق ہونے والی خاتوں شمائلہ کے لواحقین اور ہسپتال انتظامیہ کے مابین ہاتھا پائی مذکورہ ہسپتال کے نان کوالیفائڈ سٹاف کے ہاتھوں پہلے بھی کئی لوگ اگلے جہان سدھار چکے ہیں
ٹوبہ ٹیک سنگھ (سٹار نیوز آن لائن)تفصیلات کے مطابق کمالیہ میں احسان سرجیکل ہسپتال کے ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کی وجہ سے ڈلیوری کیلئے آئی 24 سالہ شمائلہ بی بی جاں بحق ہوگئی۔
اس موقع پر جاں بحق ہونے والی خاتون شمائلہ کے لواحقین اور ہسپتال انتظامیہ کے مابین ہاتھا پائی بھی ہوئی۔لواحقین کی جانب سے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔لواحقین کا کہنا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ نے بچہ پیدا ہونے کے بعد مٹھائی منگوائی اور مبارک باد کے طور پر 2 ہزار روپے بھی وصول کیے لیکن 24 سالہ شمائلہ کی موت کے دو گھنٹے بعد ہمیں بتایا گیا کہ وہ زندگی کی بازی ہار چکی ہے، لواحقین نے پولیس کو اطلاع دی تو پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہسپتال کے مالک عدنان اور ڈاکٹر اکرم کو حراست میں لے لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو بھیج دیا ہے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ڈاکٹر کی غفلت ثابت ہونے کے بعد مقدمہ درج کرلیاجائے گا۔ یاد رہے کہ مذکورہ ہسپتال کے نان کوالیفائڈ سٹاف کے ہاتھوں پہلے بھی کئی لوگ اگلے جہان سدھار چکے ہیں، عوامی و سماجی حلقوں میں اس صورتحال کو لے کر سخت تشویش پائی جاتی ہے اور انہوں نے محکمہ صحت کی ملی بھگت سے چلنے والے ایسے نام نہاد ہسپتالوں کی فوری بندش کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹ اسد مسعود بیوروچیف سٹار نیوز ٹوبہ ٹیک سنگھ












