جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک بھی قرنطینہ اور ہرقسم کی عوامی خدمت کیلئے پیش ہے۔ ہماری جماعت جے یو آئی (س)اوردفاع پاکستان کونسل کے تمام رہنما اور کارکن اس مہم میں پیش پیش ہیں ،حفاظتی تدابیر کے ساتھ عوام غریبوں کے محلوں میں گھروں میں بند بیٹھے ہوئے لوگوں تک کھانے پینے کی اشیاء پہنچائیں ۔مولانا حامد الحق حقانی

اکوڑہ خٹک (سٹار نیوز آن لائن) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ ،دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے حالیہ وبائی مرض کرونا وائرس کے حوالے سے اپنے بیان میں کہاکہ یہ وبا اللہ تعالیٰ کی جانب سے آزمائش ہے اور اس وبا کا تدارک رجوع الی اللہ نماز روزہ ،توبہ استغفار،صدقات وخیرات اور اپنے جسم اور مال کی زکوٰة ادا کرنے سے ممکن ہوسکے گا،دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی لیبر ومزدورکار طبقہ اس وقت گھروں میں ہاتھ پہ ہاتھ رکھے بیٹھے ہوئے ہیں،ان کے بچے رزق کے لئے پریشان ہیں،مخیر حضرات اور عوام کو چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے ان غرباء فقراء اور بیروزگار طبقات تک کھانے پینے کا راشن ،دوائیاںاور نقد رقم پہنچانے میں بھرپور تعاون کریں۔ کرونا وائرس کے حوالے سے ریاست جن احتیاطی تدابیر کا درس دے رہی ہے اس پر عمل کرنا اس وبا سے نجات کیلئے بہت ضروری بن چکا ہے، پرہیز اور احتیاط پر بھی شریعت اسلامی زور دیتی ہے ،ایسے وبائی مرض کے لئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی احادیث میں حکم فرمایا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوںاور گھروں میں رہیں،جس سے یہ مرض مزید انسانیت کو نقصان نہیں پہنچا سکے گا،اللہ رب العزت قرآن میں فرماتے ہیں کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا کہ اس نے پوری انسانیت کو بچایا اور اس شخص کو پوری انسانیت کے بچانے کا اجر اللہ تعالیٰ عطا فرمائیں گے ۔ مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان اور اس کے ونگزجمعیت طلبا اسلام پاکستان JTI ، الحق رضا کار کارکن اور ذیلی ادارے اس سلسلے میں ملک بھر کے گلی محلوں ،چوکوں چوراؤں پر خدمت پرمامور ہیں ہماری پارٹی سوشل میڈیا پر بھی اس موذی مرض کے متعلق آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے نیز ہم ریاست اور حکومت کوپیش کش کررہے ہیں کہ ہمارے ملک کا سب سے بڑا تعلیمی ادارہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک بھی قرنطینہ اور ہرقسم کی عوامی خدمت کے لئے پیش ہے ،یہ فیصلہ حضرت مہتمم صاحب اورنائب مہتمم اورانتظامیہ نے میٹنگ میں مل کر کیا۔ اہلیان وطن کو چاہیے کہ اس مشکل گھڑی میں صبر وہمت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیںاور کسی بھی صورت اپنے آپ کو خوف میں مبتلا نہ رکھیں۔ قومی صحت کے ادارے اس وبائی مرض کے تدارک کے سلسلے میں جن ہدایات پر عمل کرنے کا کہہ رہے ہیں ان پر عمل کرنا نہایت ہی ضروری ہے۔مولانا حقانی نے کہاکہ قوم احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ مستقل اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرتے ہوئے مسنون دعاؤں اورعبادات ونفلی روزوں کا اہتمام کریں۔مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ میرے دادا جان شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق صاحب اورمیرے والد شہید اسلام ،شہیدپاکستان شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق صاحب شہید کے اور ہمارے ادارے کے لاکھوں مریدین ،تلامذہ اور شاگرد جودنیا بھر میں اسلام کی خدمت کے لئے پھیلے ہوئے ہیں اور فلاح انسانیت کا درس دے رہے ہیں، میری ان سے بھی اپیل ہے کہ اس موذی مرض پر اسلام کی روشنی میں دنیا بھر میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر انسانیت کو موت کے منہ میں اترنے سے بچانے کیلئے اپنی خدمات اور وقت وقف کردیں یہی ہمارے جینے کا مقصد ہے۔

رپورٹ محمد عتیق سلیمانی ڈپٹی بیوروچیف کے پی کے