پشاور پولیس کے جوانوں کے نام وزیر اعلی محمود خان کا خصوصی پیغام
پشاور ( سٹار نیوز آن لائن)وزیر اعلی محمود خان نے خیبر پختونخوا پولیس کے جملہ افسران بشمول ڈی ائی جیز، ڈی پی اوز، ایس ایس پیز ، ایس پیز اور تمام جوانوں کے نام اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کے افسران اور جوانوں پر نہ صرف پورا صوبہ بلکہ پورا ملک فخر محسوس کر رہاہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری پولیس نے جس طرح سینہ تان کے لڑی ہے اور قربانیوں کی جو لازوال داستانیں رقم کی ہیں وہ دنیا کی کسی پولیس نے نہیں کی جس پر بجا طور پر ہم سب کو فخر ہے۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کرکے ملک وقوم کے اعتماد پر پورا اترنے والی یہ فورس اب جس انداز میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں کردار ادا کر رہی ہے وہ ہم سب کو یہ امید دلانے کے لئے کافی ہے کہ ہم اس آزمائش میں بھی انشاءاللہ سرخرو ہونگے۔
میں کورونا وبا کی روک تھام کے لئے خدمات انجام دینے والے ہر پولیس آفیسر اور ہر جوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید کرتا ہوں کہ ہماری پولیس کے تمام آفسران اور جوان اس مشکل وقت میں مزید جانفشانی اور جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کر کے ایک دفعہ پھر نہ صرف حکومت بلکہ عوام کے اعتماد پر بھی پورا اتریں گے اور اپنی کامیابیوں کی داستان میں ایک اور روشن باپ کا اضافہ کریں گے۔
میں آخر میں آپ میں سے ہر ایک کی روشن اور محفوظ مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالی اپ کو مزید جانفشانی اور رضاکارانہ جزبے کے تحت قوم کی خدمت کا حوصلہ عطا فرمائے، اللہ تعالی ہم سب کی کوششوں میں برکت ڈالے اور ہم سب کو اس آزمائش میں سرخرو کرے۔
اللہ تعالی ہم سب کا حامی و ناصر ہو ۔ واسلام












