جھنگ میں گندم خریداری ٹارگٹ تقریبا تین لاکھ میٹرک ٹن اور سترہ مراکزکا قیام۔۔گرداوری ختم۔۔ٹارگٹ ہرصوررت حاصل کرنا ہے۔۔جھنگ کے اجلاس میں فیصلے۔

جھنگ (سٹار نیوز آن لائن ) انچارج مانیٹرنگ گندم خریداری مہم / صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی کی زیر صدارت گندم خریداری مہم 2020-21کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری رانا شہباز،ریٹائرڈکرنل غضنفر قریشی ،ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل اشرف گجر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو شاہد جوئیہ، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مجھے جھنگ میں گندم خریداری مہم کی نگرانی کا ٹاسک سونپا ہے ۔ 8 اپریل سے باردانہ کے حوالے سے درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ 10 اپریل سے باردانہ کی فراہمی شروع کی جائے گی اور 12 اپریل سے گندم خرید شروع کر دی جائے گی ۔صوبائی وزیر رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ کسانوں سے گندم سرکاری قیمت 1400 روپے فی من کے حساب سے خرید کی جائے گی۔کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خرید کیا جائے گا۔ کسانوں کو ان کی فصل کا پورا معاوضہ دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ گندم خریداری مہم کے دوران سو فی صد ٹارگٹ حاصل کیا جائے گا۔گندم خریداری مراکز پر بادانہ کی فراہمی میں شفافیت اپنائی جائے۔خریداری مراکز پر کسانوں کی سہولت کے لئے ٹھنڈے پانی، سایہ دار جگہ و دیگر مناسب انتظامات کئے جائیں۔ کاشتکاروں کو گندم خریداری سینٹرز پر باردانہ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ملے گا۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ رواں سال گندم کی خریداری کا ہدف 2 لاکھ 82 ہزار 961 میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں 17 گندم خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

رپورٹ چوہدری شوکت علی نصرت سٹار نیوز جھنگ