جھنگ چیمبر کے نومنتخب صدر صہیب فاروق نے 5 رکنی معاشی کمیٹی تشکیل دے دی
تاجروں کے مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور شہر کی معاشی ترقی کے لیے 8 نکاتی ایجنڈا جاری
جھنگ (رائے منظور عابد سے) جھنگ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے نومنتخب صدر کمانڈر (ر) صہیب فاروق نے عہدہ سنبھالتے ہی تاجروں کی فلاح و بہبود، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور شہر کی معاشی ترقی کے لیے 5 رکنی معاشی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔کمیٹی میں ملک بلال گوہر، شیخ محمد بلال، پروفیسر ڈاکٹر ملا خان حیدری اور چودھری عبد الستار گجر شامل ہیں، جبکہ کمانڈر (ر) صہیب فاروق کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔کمیٹی کو تاجروں کے مسائل کے حل اور جھنگ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 8 نکاتی ایجنڈا دیا گیا ہے۔ ایجنڈے کے مطابق انجمن تاجران کے مختلف دھڑوں اور برادریوں کو ایک منظم پلیٹ فارم پر متحد کرنے، تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون و آئین کے مطابق مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے مؤثر رابطے کے ساتھ ڈیل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ایجنڈے میں دیگر اداروں اور چیمبرز کے ساتھ تعاون کے ذریعے شہر میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ، تاجروں میں اتحاد و اتفاق برقرار رکھنے اور مشترکہ قیادت کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔اسی طرح جھنگ میں کاٹیج انڈسٹری اور ہوم انڈسٹری کے فروغ اور چھوٹے کاروباری افراد کو آن لائن ڈاکومنٹس اور آن لائن سروسز کی سہولیات فراہم کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے، جسے ایک سال کے اندر مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مقررہ اہداف کے حصول کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی، جبکہ آئندہ چند روز میں تمام نکات پر مشتمل تفصیلی لائحہ عمل مرتب کرکے عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔













