یس میگا مارٹ میں خاتون کی چوری کی واردات، سی سی ٹی وی فوٹیج میں منظرعام پرڈائریکٹر یس میگا مارٹ کی جانب سے گہری تشویش کا اظہار
*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) یس میگا مارٹ جھنگ روڈ پر شاپنگ کے دوران ایک خاتون کی جانب سے چوری کی واردات سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ خاتون نے خریداری کے دوران ٹی شرٹ کی رقم ادا کیے بغیر اسے اپنے پرس میں چھپا لیا۔مارٹ کے عملے کو شبہ ہونے پر جب سی سی ٹی وی کیمرے کی ریکارڈنگ چیک کی گئی تو خاتون کی جانب سے چوری کا عمل واضح طور پر نظر آیا۔ یس میگا مارٹ انتظامیہ نے خاتون کی شناخت کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ واقعے کی مکمل فوٹیج بطور ثبوت محفوظ کر لی گئی ہے۔چیف ڈائریکٹر یس میگا مارٹ اور صدر مرکزی انجمن تاجران ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شہر کی معروف سیاسی وسماجی کاروباری شخصیت میاں ظفر رشید نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے اعتماد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ادارہ ایمانداری اور شفافیت کے اصولوں پر کاربند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات نہ صرف کاروبار بلکہ سماجی اخلاقیات کے لیے بھی افسوسناک ہیں۔ذرائع کے مطابق واقعے سے متعلق قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔شہری حلقوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چوری جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔*













