میرپور خاص سندھ میں لاک ڈاؤن کے دوران حاملہ خاتون بھوک سے جاں بحق ہوگئی، میرپور خاص کے علاقہ جھڈو میں غربت وبھوک کے باعث 45سالہ حاملہ خاتون انتقال کرگئی، تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع میرپور خاص کے علاقہ جھڈو میں لاک ڈاؤن کے دوران حاملہ خاتون بھوک کی وہ سے جاں بحق ہوگئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے خاتون کے شوہر اللہ بخش بروہی نے بتایا کہ اسکی بیوی چھ بچوں کی ماں تھی اور اب پانچ ماہ کی حاملہ تھی۔
اللہ بخش بروہی کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے بے روزگار ہوں جس کی وجہ سے بیوی پریشان تھی جبکہ چوبیس گھنٹے سے گھر میں کھانے پینے کے لیے بھی کچھ نہیں تھا۔ اللہ بخش نے مزید بتایا کہ اسکی بیوی کی تدفین بھی علاقے کے لوگوں نے چندہ اکٹھا کر کے کی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جبکہ سندھ میں گزشتہ کچھ روز سے جگہ جگہ احتجاج بھی ہورہا ہے جس میں شرکاء کا کہنا ہے کہ ہم بھوک سے مررہے ہیں لیکن سندھ حکومت کوئی راشن یا ضروریات زندگی کا سامان نہیں دے رہی ہے۔
اس سے قبل چند روز پہلے میر پور خاص میں احساس پروگرام کے تحت 12 ہزار روپے فی کس کی رقم بھی تقسیم کی گئی تھی جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے یہ ظاہر کیا تھا تھا کہ یہ پروگرام پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کا ہے۔ رقم تقسیم کرتے ہوئے بینرز لگائے گئے تھے جن پر ایک سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ میر پور خاص میں حاملہ عورت بھوک سے مرگئی لیکن سندھ حکومت بجائے لوگوں کو راشن دینے کے احساس پروگرام کا کریڈٹ لینے میں مصروف ہے۔ اگر سندھ حکومت اور کچھ نہیں کرسکتی تو کم از کم پاکستان پیپلزپارٹی بھوک سے مرنے والے لوگوں کو اس پروگرام کا شعور ہی دیدے کہ کیسے اسکے لئے اپلائی کرنا ہے۔












