لاہور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار نرم کرنے کافیصلہ اجتماعی مشاورت سے کیاگیاہے اورعام آدمی کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے متفقہ فیصلے کئے گئے ہیں ۔ پنجاب حکومت نے وفاق اوردیگر صوبوں کے ساتھ اتفاق رائے سے فیصلے کئے ہیں ،کنسٹرکشن سے منسلک صنعتوں اور متعلقہ دکانوں کو کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیاہے،ہفتے سے مزید صنعتوں اور متعلقہ کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی، پائپ ملز، سرامکس، سینٹری ویئر ز، پینٹس، الیکٹریکل کیبلز، سوئچ بورڈز، سٹیل، ایلومینم کی صنعتوں اور دکانوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
ہارڈویئر سٹورکو بھی اوپن کیا جارہاہے۔صوبے میں چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں صبح فجر سے شام 5بجے تک کھلی رہیں گی۔ اوپن ہونے والی چھوٹی مارکیٹیں اورچھوٹی دکانیں ہفتے میں 2دن بند رہیں گی۔2دن بندش کا اطلاق پہلے سے کھولی گئی فارمیسی، میڈیکل سٹورز،دودھ دہی کی دکانوں،کریانہ سٹوروں، تندوروں،بیکریوں اور دیگردکانوں پر نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں کی او پی ڈیز کو بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیاہے کہ تعلیمی ادارے 15جولائی تک بند رہیں گے اوربورڈ کے امتحانات کوبھی ختم کر دیا گیا ہے، 9ویں،10ویں، 11ویں اور 12ویں جماعت میں پروموشن گزشتہ برس کے رزلٹ پر ہوگی۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے کے تناظر میں شہریو ں کو حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا،صوبے کے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بھی بنانا ہے اور عام آدمی کے مسائل بھی حل کرنے ہیں ،عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں ،شہری جتنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اتنا ہی کورونا سے محفوظ رہیں گے۔