سماجی تنظیم ساؤتھ ایشیاء پارٹنر شپ پاکستان کے پروگرام جذبہ کے تحت محنت کش عورت کی امداد کے لیے ملک گیر مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے. اس سے قبل پاکستان بھر کے 40اضلاع میں مستحق محنت کش خواتین کو راشن فراہم کیا گیا. ان خیالات کا اظہار پراجیکٹ آفیسر ساؤتھ ایشیاء پارٹنر شپ پاکستان گل مہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. انہوں نے کہا کہ پروگرام کا مقصد خواتین کو سیاسی عمل کا حصہ بنا کر انہیں با اختیار بنانا ہے. اس پروگرام میں معاشرے کے محروم طبقوں جن میں خواتین، معذور، اقلیتوں اور خواجہ سراؤں کو معاشرے کا کارآمد اور بااختیار شہری بنانے کے لیے جدو جہد کرنا ہے. آج محنت کش عورت معاشی طور پر سب سے زیادہ متاثر ہے. ہماری تنظیم کی کوشش ہے کہ سب لوگ مل کر ان کی مدد کریں. گل مہر نے کہا کہ ہم نے چاروں صوبوں اور وفاق میں مستحق خواتین کو لاکھوں روپے کا راشن فراہم کیا ہے. اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، لیہ، حیدر آباد،گھوٹکی، پشاور، مردان، گلگت سمیت ملک بھر میں مستحق خواتین جو کرونا وباء کی وجہ سے اپنی روزی روٹی کے حصول میں مشکلات سے دوچار تھیں ان کو راشن مہیا کر کے انہیں دوبارہ اپنے پاؤں جمانے کے لیے سہادا دیا گیا. انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایشیاء پارٹنر شپ پاکستان کا دائرہ کار پورے ملک پر محیط ہے اور ہم اپنے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے معذور، اقلیتوں، خواجہ سراؤں اور خصوصاً خواتین کو سیاست سمیت ہر شعبہء زندگی میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار کر رہے ہیں جس سے ان طبقوں کو با اختیار بنانے میں مدد ملے گی.