لاہور صوبہ پنجاب میں کورونا کے باعث ایک ہی دن میں ریکارڈ اموات۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق صوبہ بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 82 افراد جان کی بازی ہار گئے۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی تباہ کاریاں دنیا بھر میں جاری ہیں جس کے باعث تقریباََ دنیا کا ہر ملک کسی نہ کسی حوالے سے کورونا سے متاثر ہو رہا ہے۔
پاکستان اور بھارت جیسے ممالک میں کورونا کی وباء باقی اقوام عالم کی نسبت ذرا تاخیر سے پہنچی لیکن اس کا پھیلاؤ برابر جاری ہے۔ بھارت اور پاکستان میں کورونا کے باعث اموات اور نئے کیسز میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جس پر ماہرین تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ پاکستان میں صوبہ پنجاب کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں پر اموات کی تعداد 1347 ہو چکی ہیں۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز پنجاب بھر میں 82 افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے جن میں سے 41 کا تعلق لاہور سے تھا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں رات 10 بجے تک گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ یونے والے مصدقہ کیسز کی تعداد 2538 رہی جس کے بعد مجموعی طور پر متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 64 ہزار 216 ہو گئی ہے۔ محکمے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس دوران پنجاب بھر میں 10 ہزار 166 نئے ٹیسٹ کیے گئے۔ واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد میں سے 17 ہزار 966 افراد وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔












