سید علی گیلانی اور اردو زبان
سری نگر..کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ اردو زبان گرانقدر اثاثہ ہے اس کی حفاظت کی جائے ۔ آنے والی نسلوں کو اردو سے روشناس کرکے ان کو اس کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کیا جائے۔ اردو کو کمزور کرنے کی کسی بھی سازش اور منصوبے کے خلاف صف آرا ہونے کی ضرورت ہے ۔ حریت راہنما نے کہا کہ اس زبان کو صرف اور صرف مسلمانوں کی طرف منسوب کرکے اس کے ساتھ بھی اقلیتوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے، لیکن یہ زبان اپنے بولنے اور ماننے والوں کو بلالحاظ مذہب وملّت اپنی مٹھاس اور اپنائیت سے محظوظ کرتی ہے۔
سید علی گیلانی کو جمعہ کو سری نگر کی کشمیر یونیورسٹی میں اردو میلے میں شرکت اور وہاں موجود طلباء وطالبات سے بات کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ علی گیلانی کوکشمیر یونیورسٹی جانے کے لیے گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ علی گیلانی نے کشمیر یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات کے نام پیغام میں کہا کہ ہمارا دینی، ملی، ثقافتی اور معاشرتی لٹریچر کا تقریباً 90فیصد حصہ اردو میں ہی ہے اور اگر اس زبان کے حوالے سے لاپرواہی اور تساہل برت کر اس کو ہماری زندگیوں سے دور کرنے والی طاقتیوں کو پذیرائی ملی تو وہ وقت دور نہیں جب ہم اس زبان کے ایک ایک نقطہ کو برابر اسی طرح ترس رہے ہوں گے جس طرح ہم فارسی زبان اب ہمارے لیے انجانی اور غیر مانوس ہوکے رہ گئی ہے۔
آزادی پسند راہنما نے کہا کہ آج کل ہمارے گھروں میں ہماری نئی نسل اردو بول تو سکتی ہے، لیکن لکھ اور پڑھ نہیں سکتی ہے جو پریشان کُن ہی نہیں، بلکہ تشویشناک بھی ہے۔ اردو میلہ منعقد کرنے والوں کو اپنے دل کی عمیق گہرائیوں کے ساتھ مبارکباد دینا چاہتاہوں کہ بھارت کے کونے کونے سے اردو کے دیوانے اس وادی پُرخار میں تقریباً ایک ہفتے سے اپنے اسٹال لگائے ہوئے ہیں۔ ہم ان کی اس کوشش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور دُعا کرتے ہیں کہ اردو کے تئیں ان نیک جذبات اور کوششوں کو ہم عملی جامہ پہنا کر نایاب بنائی جارہی اس زبان کو ایک نئی زندگی اور نئی روح بھر کر اپنی نئی نسل کو اس سے ہم آہنگ کریں تاکہ انہیں اپنے دین اور اپنی شناخت کو سمجھنے میں آسانی ہو۔
طلباء وطالبات سے دردمندانہ اپیل میں انہوں نے کہا کہ علم وتحقیق کی بلندیوں پر کمند ڈالنے کے لیے انتھک محنت اور لگن کے ساتھ ساتھ اپنی جڑوں سے جڑے رہنے کی بھی ضرورت ہے۔ ہمیں دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے علم و ہنر اور تحقیقاتی ہتھیاروں سے لیس ہوکر میدان میں مقابلے کی تیاری کرتی ہے۔انتخاب۔۔فاطمہ قمر












