کراچی کے مختلف علاقوں میں لگے اسمارٹ لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں کورونا کیسز بڑھیں گے، صرف وہاں لاک ڈاؤن کیا جائے گا، آج رات 12 بجے کے بعد 39 یو سیز کو کھول دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لئے ہیلتھ ایڈوائزری پر عمل کیا جائے گا اور ابھی لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ 18 جون کو کورونا کیسز کی روک تھام کے لیے کراچی کے تمام اضلاع کی 43 یونین کونسلز میں سخت لاک ڈاؤن کیا گیا تھا۔ کورونا سے بچاؤ کی نئی حکمت عملی کے تحت محکمہ صحت، سندھ حکومت اور ڈپٹی کمشنرز نے کورونا ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کر کے کمشنر کراچی کو رپورٹ پیش کی تھی جس پر ان تمام علاقوں کو 14 روز کے لیے سیل کرنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا
کراچی کے طرح پنجاب کے بھی بیشتر شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل کیا گیا تھا جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، لیکن لاہور کی انتطامیہ نے 2 دن قبل ختم ہونے والے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں 3 جولائی تک توسیع کر دی تھی۔ تا ہم اگر دیکھا جائے تو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کورونا کیسز کی تعداد میں واضح کمی سامنے آئی ہے۔ پاکستان میں اگر کورونا کیسز کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ملک میں کورونا سے مزید 69 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4515 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 220529 تک پہنچ گئی۔
اب تک پنجاب میں کورونا سے 1784 اور سندھ میں 1437 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 983 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں 129، بلوچستان میں 122 ، آزاد کشمیر میں 32 اور گلگت بلتستان میں 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کا فیصلہ،اہم ترین خبر کی مکمل تفصیلات جاننے کیلئے لنک پر کلک کریں
443












