جھنگ(سٹارنیوز )افسر شاہی اور شاہانہ پروٹوکول ختم کر کے نیا پاکستان کا نعرہ محض ایک سیاسی نعرہ ثابت ہو رہا ہے ۔وزیر، مشیر تو درکنار سرکاری افسران بھی شاہراہ عام پر سفر کرنے والے لوگوں کو کوئی گھٹیا مخلوق سمجھتے ہیں ۔جھنگ میں نواز چوک سے گزرنے والے صحافی شیخ فرخ رضوان کو محض اس بناء پر گرفتار کر لیا گیا تھا کہ ڈی پی او جھنگ کی سواری کے سامنے سے کیوں گزرا اور اس سنگین جرم کے نتیجہ میں قریبا ایک گھنٹہ چوکی سول لائنز جھنگ میں حبس بے جا میں رکھا گیااور عزت نفس کو مجروح کیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان صاحب جو عام آدمی کے حقوق کی بات کرتے ہیں شاید انہیں معلوم نہیں کہ انکے دور حکومت میں بھی عام آدمی کو کتنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔سیاسی، سماجی اور صحافتی حلقوں نے پولیس کی جانب سے اس حرکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور افسر شاہی نظام کو کنٹرول کر کے عام آدمی کو اذیت سے دوچار ہونے سے بچائیں ۔












