کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف اٹھارٹی کا اجلاس

مانسہرہ(سٹار نیوز آن لائن )کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی(کے ڈی اے) کے بورڈ آف اٹھارٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کے روز کمشنر ہاؤس میں کمشنر ہزارہ ڈویژن ریاض خان محسود کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کے ڈی اے کے علاقہ میں ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا اور سرکاری اراضی پر تعمیر کی گئی تجاوزات ہٹانے کی حکمت عملی تیار کی گئی۔اجلاس میں کے ڈی اے کے بورڈ آف اتھارٹی کے چیئرمین کے لیے ڈاکٹر ایمل زمان کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا جبکہ زاہد ادریس مفتی، صاحبزادہ محمد شعیب اور محمد صدیق سمیت اتھارٹی کے ارکان، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے محمد آصف اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری سیاحت محمد عابد مجید نے بھی پشاور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کاغان،ناران، بالاکوٹ اور شوگران سمیت کے ڈی اے کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں بنیادی وسیاحتی سہولیات اور تعمیرات کو باقاعدہ بنانے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا اور اس بارے میں اہم فیصلے کئے گئے۔ ڈائریکٹرجنرل کے ڈی اے نے اجلاس کو اتھارٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میں تجاوزات ہٹانے کے لیے کے ڈی اے،ضلعی انتظامیہ مانسہرہ، محکمہ آبپاشی،ای پی اے اور این ایچ اے کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو تمام تجاوزات کی مکمل نشاندہی کر کے20 روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کے بعد تجاوزات ہٹانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں سیاحت سے متعلق کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی فیصلے کیے گئے اور ان ایس او پی ز پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔کمشنر ہزارہ نے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں سیاحتی سہولیات کی دستیابی، شجر کاری اوراس کے تحفظ، تجاوزات کے خاتمے، تعمیراتی منصوبہ بندی اور قواعد سازی، صفائی،ماحولیاتی تحفظ اورکورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے حکومت کی جانب سے عائد کی گئی ایس او پی ز پر عمل درآمد کے لیے خصوصی اور ترجیحی اقدامات کرے۔

رپورٹ محمد عتیق سلیمانی سٹار نیوز مانسہرہ