گجرات پولیس تھانہ سٹی جلالپورجٹاں نے تین رکنی عاصما ڈکیت گینگ گرفتار کرلیا،
10لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد،
گجرات (سٹار نیوز آن لائن) تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات توصیف حیدرنے جلالپورجٹاں کے علاقہ میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتار ی کے لئے ڈی ایس پی صدر سرکل سعید احمد اور ایس ایچ او تھانہ سٹی جلالپورجٹاں عدنان تارڑ کو خصوصی ٹاسک دے رکھا تھا۔جس پر ڈی ایس پی صدر سعید احمد کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ سٹی جلالپورجٹاں عدنان تارڑ اور ان کی ٹیم نے دن رات محنت کرکے انتہائی جانفشانی اور پیشہ ورانہ مہارت سے جلالپورجٹاں اور گرد نواح کے علاقوں میں متحرک خطرناک ڈکیت گینگ کو ٹریس کرلیا۔سرغنہ عاصم رضا اور گینگ کے دیگر دو ساتھیوں کو پولیس نے مختلف جگہوں سے چھاپے مار کر گرفتار کیا۔ جن کے قبضے سے دوران تفتیش مسروقہ موٹر سائیکل ہنڈا 125سی سی،موبائل فون سمیت دس لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد ہوا۔گینگ میں سرغنہ عاصم رضا ولد منیر احمد ساکن قادر کالونی گجرات،ذیشان ظفر ولد ظفر اقبال ساکن ماڑی وڑائچاں اور امتیاز عرف بلا ولد محمد رفیق ساکن محلہ فیض آباد جلالپورجٹاں شامل ہیں جن سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ تین عدد پسٹل 30بور بھی برآمد ہوا۔ یہ خطرناک گینگ جلالپورجٹاں اور گرد ونواح میں گن پوائنٹ پر شہریوں سے نقدی،موبائل اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوجاتے تھے۔جن کی وارداتوں نے علاقہ میں خوف وہراس پھیلا رکھا تھا اور پولیس کے لئے ان کی گرفتاری چیلنج بنی ہوئی تھی۔ ملزمان تھانہ دولت نگر کے ڈکیتی کے مقدمہ میں اشتہاری تھے۔جن کی مزید انٹیروگیشن جاری ہے۔













