جھنگ علماء،مشائخ اوردیگر مکاتب فکرعشرہ محرم الحرام میں امن و عامہ کے قیام میں باہمی یکجہتی اوریگانگت کا مظاہرہ کریں ڈپٹی کمشنر محمدطاہر وٹو

جھنگ(سٹار نیوز آن لائن )ڈپٹی کمشنر محمدطاہر وٹو نے کہا ہے کہ علماء،مشائخ اوردیگر مکاتب فکرعشرہ محرم الحرام میں امن و عامہ کے قیام میں باہمی یکجہتی اوریگانگت کا مظاہرہ کریں ۔ معاشرے کا ہر شہری ،سول انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرے تاکہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیوں کی بیخ کنی ممکن ہو۔یہ بات انہوںنے جناح ہال تحصیل کونسل میں ضلعی امن کمیٹی کے خصوصی اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل خان،رکن صوبائی اسمبلی مولانا محمد معاویہ اعظم طارق سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں ، علمائے کرام اورضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمدطاہر وٹو نے کہا کہ محرم الحرام کے مقد س ایام تمام مسالک تمام مکاتب فکر کے لئے یکساں اہمیت کے حامل ہیں جوہمیں آپس کے باہمی احترام و محبت برداشت اور رواداری کے ہمہ گیر جذبوں کو پروان چڑھانے کا درس دیتے ہیں ۔ فرقہ واریت ملکی وحدت و استحکام کےلئے زہر کی مانند ہیں لہٰذا ہمیں آپس کی فروغی اور اختلافات مٹا کر اخوت و بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنا ہے تاکہ شر پسند عناصر کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملایا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے محرم الحرام کے دوران مرکزی جلوس کے راستوں سے تجاوزات کے خاتمہ ،صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت اور دیگر ضروری انتظامات کی فی الفورمکمل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ قانون اورضابطہ اخلاق کی پابندی کو ہرممکن یقینی بنایا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن کے حکام کو خراب لائٹوں کو بروقت ٹھیک کروانے ،وال چاکنگ کے فوری خاتمے ، لاﺅڈ سپیکر کا ناجائز استعمال اور دیگر ضروری امورکو بروقت نمٹانے کی ہدایات بھی جاری کی۔ڈی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا کہ دین اسلام کے محبت کے پیغام کو عام کریں۔ہمیں متحد ہو کر ایسے تخریب کار عناصر جو فرقہ وارانہ فسادات چاہتے ہیں انہیں ناکام بنانا ہوگا۔انہوںنے اراکین امن کمیٹی، کو حکومتی گائیڈ لائنز کے بارے آگاہ بھی کیا۔ایم پی اے مولانا محمد معاویہ اعظم طارق نے بھی محرم الحرام کے دوران امن و عامہ کے فروغ کے حوالہ سے مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرائی اور کہا کہ عوام پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ امن وعامہ کے قیام کے سلسلہ میں انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماءنے یقین دلایا کہ وہ امن و عامہ کے قیام کے سلسلہ میں بھرپور تعاون کریں گے اور آپس میں کوآرڈی نیشن کو مزید موثر اور فعال بنائیںگے۔

رپورٹ چوہدری شوکت علی نصرت سٹار نیوز جھنگ