چیئرمین انصاری ورلڈ فیڈریشن پاکستان حاجی ممتاز یاسین انصاری کی جانب سے ملک بھر کی انصاری برادری کی تنظیمات کا ایک پروقار اجتماع منعقد کیا گیا،
جھنگ ( سٹارنیوز) چیئرمین انصاری ورلڈ فیڈریشن پاکستان حاجی ممتاز یاسین انصاری کی جانب سے ملک بھر کی انصاری برادری کی تنظیمات کا ایک پروقار اجتماع منعقد کیا گیا، جس میں مختلف شہروں سے برادری کے عہدیداران اور نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی صدر مرکزی تنظیم انصاری برادری پاکستان حاجی آزاد ناصر انصاری جبکہ بطور مہمانِ خاص ترجمان گورنر سندھ اسد عثمانی شریک ہوئے۔ دیگر مہمانوں میں ملک بھر سے انصاری برادری کی مختلف تنظیمات کے صدور بھی شامل تھے۔ مہمانوں کا پرتپاک استقبال پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور ہار پہنا کر کیا گیا۔اپنے خطاب میں حاجی آزاد ناصر انصاری نے کہا کہ اس نوعیت کے اجتماعات برادری میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیتے ہیں اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منظم اور متحد برادری ہی ترقی کی ضامن ہوتی ہے۔تقریب کے میزبان حاجی ممتاز یاسین انصاری نے معزز مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شرکت سے تقریب کی رونق میں اضافہ ہوا اور یہ ہمارے لیے باعثِ حوصلہ افزائی ہے۔آخر میں مہمانوں میں سندھی ٹوپیاں، اجرک اور یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔












