تحصیل عیسی خیل کی یونین کونسل ونجاری میں سیوریج کا سنگین مسئلہ۔زیرِ تعمیر سڑک نے شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا

میانوالی(اللہ نواز خان) تحصیل عیسی خیل کی یونین کونسل ونجاری میں سیوریج کا سنگین مسئلہ۔زیرِ تعمیر سڑک نے شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا
تفصیلات کے مطابق تحصیل عیسیٰ خیل، ضلع میانوالی کی یونین کونسل ونجاری میں ونجاری اڈا سے گورنمنٹ ہائی سکول ونجاری تک زیرِ تعمیر سڑک کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اگرچہ سڑک کی تعمیر علاقے کی ترقی کے لیے خوش آئند ہے، تاہم اس کے اطراف میں رہنے والے شہری بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث پریشان ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق سڑک گھروں کی سطح سے کافی اونچی بنائی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے سیوریج اور بارشی پانی کا اخراج مکمل طور پر رک گیا ہے۔ نتیجتاً گندا پانی گھروں اور صحنوں میں جمع ہو کر نہ صرف تعفن پیدا کر رہا ہے بلکہ مکانات کی بنیادوں کو بھی کمزور کر رہا ہے۔حالیہ بارشوں کے دوران صورتحال مزید سنگین ہو گئی، جب ایک مقامی شہری محمد عارف سنگوال کا واش روم گر گیا۔ متاثرین کے مطابق وہ گھروں سے پانی نکالنے کے لیے برتنوں کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ کئی گھروں میں گڑھے کھود کر پانی جمع کیا جا رہا ہے، جو بچوں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ مسلسل کھڑا گندا پانی مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن رہا ہے اور روزمرہ زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ انہوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سیوریج کا مناسب نظام بنایا جائے تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
مقامی لوگوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ، ڈپٹی کمشنر میانوالی اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر اس سنگین مسئلے کا حل نکالا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔