وزیراعظم عمران خان آج کراچی پہنچ گئے،
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں وفاقی وزیر اسد عمر، شبلی فراز، علی زیدی، امین الحق، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود ہیں۔
اجلاس میں کراچی سمیت سندھ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے سمیت وفاق اور صوبے میں باہمی تعاون،ورکنگ ریلیشن شپ پرگفتگو کی گئی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم پاکستان کو کراچی میں بارش کے بعد کی صورت حال پر بریفنگ دی۔وزیراعظم کو کراچی کے علاقوں کی تباہ حالی سے متعلق بتایا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم آج کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہر کے لیے 802 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کا وفد اور جی ڈی اے کے رہنما سید صدر الدین شاہ بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان دورہ کراچی کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج بھی جائیں گے جس کے بعد وہ آج شام کراچی سے واپس اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے












