کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں مسلح ملزمان سے پولیس کا مقابلہ ہوا ہے جس کے دوران گلستانِ جوہر تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہو گئے۔
گلستانِ جوہر میں سمامہ شاپنگ مال کے قریب ڈکیتی کی واردات انجام دینے والے ملزمان کی اطلاع ملنے پر پولیس پارٹی ایڈیشنل ایس ایچ او کی قیادت میں جائے وقوع پر پہنچی جہاں اس کا ملزمان سے مقابلہ ہوا، ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کا 2 طرفہ تبادلہ ہوا، ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکٹر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ایس ایس پی ایسٹ نے مزید بتایا ہے کہ جاں بحق اہلکار کی شناخت سب انسپکٹر رحیم خان کے نام سے ہوئی، جو تھانہ گلستانِ جوہر میں ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات تھے۔
شہید ایڈیشنل ایس ایچ او سب انسپکٹر رحیم خان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
پولیس مقابلے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جائے وقوع پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے ، ملزمان کی تلاش جاری ہے