جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک اور پوزیٹو جھنگ کے زیر اہتمام دفاع پاکستان و سلام شہداء سیمینار کا انعقاد جناح ہال ضلع کونسل جھنگ میں کیا گیا
جھنگ (ڈپٹی بیوروچیف) جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک اور پوزیٹو جھنگ کے زیر اہتمام دفاع پاکستان و سلام شہداء سیمینار کا انعقاد جناح ہال ضلع کونسل جھنگ میں کیا گیا جس کی صدارت مرکزی چیئرمین علی رحمان انصاری اور مرکزی صدر محمد ریاض شاہد نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر سردار امیر خان مزاری ایڈوکیٹ جبکہ بانی تحریک صوفی رمضان انقلابی ، حاجی محمد حنیف اووڈ راجپوت ، مولانا عبدالعلیم حقانی ، سردار منشاء گجر جھنگوی ، سردار جسپال سنگھ ، چوہدری عنصر علی ، میاں حسن تھہیم ، لالہ عتیق الرحمن ، میڈم آسیہ اعجاز شیخ و دیگر نے بطور مہمان خاص شرکت کی ۔ سیمینار میں انجمن تاجران ، جھنگ چیمبر آف کامرس ، پنجاب ٹیچر یونین ، ایپکا ایجوکیشن جھنگ سمیت طلباء و طالبات ، علماء کرام ، وکلاء و صحافی برادری ، سول سوسائٹی اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سردار امیر خان مزاری و دیگر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد پاک فوج کے غازیوں اور شہیدوں کی ان عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جو تاریخ میں اپنی مثال آپ ہیں ، پاک فوج کی ملک کے لئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ فوجی جوان ہر دم ملک کی حفاظت اور بقاء کےلئے اپنی جان قربان کرنے کو تیار رہتے ہیں۔ پاکستان کا قیام کسی طور بھی معجزے سے کم نہیں تھا اور اس کی حفاظت بھی کرامت ہے۔ جب کہا جاتا ہے کہ افواجِ پاکستان وطن کے چپے چپے کی حفاظت کریں گی تو وہ ایسا کرتی بھی ہیں، پھر اس کے ثبوت بھی موجود ہیں۔ درجن بھر نشانِ حیدر، سیکڑوں جرأت کے ستارے اور سینوں پر لش پش کرتے سجے تمغے ویسے ہی نہیں مل جاتے، جان دینی پڑتی ہے، معذوریاں مقدر کرنی پڑتی ہیں ۔ چیئرمین جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک و پوزیٹو جھنگ علی رحمان انصاری نے کہا کہ جھنگ ایک ریاست تھی جسکو 1849 میں ضلع کا درجہ دیا گیا جسکی سرحدیں شیخوپورہ ، ملتان اور سرگودھا سے ملتی تھیں۔ جھنگ کے ٹکڑے کر کے اسکے حقوق سلب کیے جاتے رہے ۔ اب وقت آن پہنچا ہے کہ اس تاریخی ضلع کو ڈویژن کا درجہ دیا جائے تا کہ یہاں میڈیکل کالج ، یونیورسٹیز ، انڈسٹریل ایریا کا قیام ممکن ہو ۔ سیمینار کے اختتام پر ملکی سلامتی اور شہداء کے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔
رپورٹ علی رحمان انصاری












