وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ سرگودہا کے زیر اہتمام یوم معرکہ حق بھر پو رانداز میں منایا گیا
سرگودھا ( سٹارنیوز)اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ سرگودہا کے زیر اہتمام یوم معرکہ حق بھر پو رانداز میں منایا گیا ۔یوم تشکر ومعرکہ حق کی تقریبات کا آغاز نماز فجر سے ہوا ۔ملک وقوم کی سلامتی کی دعائیں اور قرآن خوانی کے علاوہ شہداءکرام کیلئے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی ، استحکام پاکستان او رملک وقوم کی ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے اور معرکہ حق میں تاریخی فتح پر تاریخی ریلی کا انعقاد کیاگیا ۔ ریلی کی قیادت کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان ، ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر شہزاد آصف ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈی پی او صہیب اشرف نے کی ۔ ریلی میں انتظامی افسران ، سیاسی اکابرین ، سول سوسائٹی اور طلبہ سمیت ہر مکتبہ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے پاک فوج سے والہانہ محبت کا شاندار انداز میں اظہار کیا ۔ ریلی کے شرکاءنے قومی پرچم ، کتبے او ربینرز اٹھا رکھے تھے جس پر پاک فوج سے محبت کے نعرے درج تھے ۔ریلی کمشنر کمپلیکس سے شروع ہوئی جو پی ا ے ایف مصحف بیس پر پہنچ کر ختم ہوئی ۔ جہاں ایئر کموڈور سید مبین نے ریلی کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر کمشنر ، آرپی او ، ڈپٹی کمشنر او رڈی پی او نے پاک فضائیہ کے افسران کو سرگودہا کے شہریوں کی جانب سے گلدستے پیش کئے ۔ شرکاءنے وطن سے محبت اور افواج پاکستان کے ساتھ نعرے بلند کئے ۔ اپنے خطاب میں ایئر کموڈور سید مبین نے کہا کہ سب سے پہلے میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں جس نے ہمیں تاریخی فتح نصیب کی۔ انہوں نے سول اداروں او رپاکستانی شہریوں خصوصا سرگودہا کے شاہینوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس جنگ میں آپ سب ہمارے ساتھ کھڑے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میںسب نے اپنا اپناحصہ ڈالا ہے ۔ آج پاکستان ایئر فورس جس مقام پر ہے یہ سب آپ کی سپورٹ سے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کامیابی ان بزرگوں کی دعاوں اور اللہ کی برکت سے ممکن ہے ۔ ایئر کموڈور نے کہاکہ اگر ہمیں یقین نہ ہو کہ ہماری عوام اور سول ادارے ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ہم کچھ نہیں کرسکتے ۔انہوں نے بتایا کہ پی اے ایف سرگودہا بیس نے دشمن کی ہر جارحیت کوناکام بنایا ۔ انہوں نے بتایا کہ پی اے ایف کی کسی املاک یا پائلٹ ودیگر فورس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔ ایئر کموڈور سید مبین نے خود بھی نعرے لگواکر شرکاءکا خون گرمایا۔
قبل ازیں کمشنر کمپلیکس میں معرکہ حق یوم تشکر کی شاندار تقریب کا انعقاد کیاگیاجس میں کمشنر جہانزیب اعوان ، آر پی اوڈاکٹر شہزاد آصف ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈی پی او ڈاکٹر صہیب اشرف سمیت مختلف محکموں کے سربراہان ، ریسکیو 1122، میونسپل کارپوریشن ، سول ڈیفنس کے رضاکاروں اور پولیس کے جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مہمانوں نے قومی پر چم لہرایا ۔ پولیس بینڈ نے قومی ترانہ او رملی نغموں کی دھنیںپیش کیں ۔ پولیس کے چاک وچوبند دستے نے پرچم کو سلامی دی اور گن فائرنگ کی ۔ اس وموقع پر کمشنرجہانزیب اعوان نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے بھارتی بالادستی کا خواب چکنا چور کر دیا ہے ۔ یہ دن اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کادن ہے ۔ پوری پاکستانی قوم کو اس کامیابی پر فخر ہے او رافواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔کمشنر نے کہاکہ پاک فضائیہ کے شاہینوں کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں ۔ معرکہ حق میں پاک فضائیہ ، ایئر ڈیفنس ،پاک آرمی اور اہلیان سرگودہا نے جس بہادری اور استقامت کا مظاہرہ کیا اس پر سب خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے جنگی ماحول میںسول ڈیفنس ، ریسکیو 1122، میونسپل کارپوریشن کے افسران وعملہ کے جذبہ کو بھی سراہا ۔ انہوں نے کہاکہ بلیک آوٹ مشق میں سرگودہا کے شہریوں نے پورا ساتھ دیا ۔ اس طرح جب ڈراون کو گرایا جارہا تھا تو سرگودہا کے باسی اس صورتحال میںدشمن سے ڈرنے کی بجائے بے خوف وخطر او رپرجوش نظر آئے جو اس بات کی علامت ہے کہ ملکی یکجہتی کیلئے ہم سب ایک ہیں ۔ کمشنر جہانزیب اعوان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری میں سراٹھا کر کھڑا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج اللہ کا شکر بجا لانے کے ساتھ اس عزم کادوبارہ اعادہ کرنا ہے کہ قوم کو دوبارہ ایسے وقت کا سامنا ہوا تو اس سے بڑھ کر وار کریںگے ۔ اس موقع پر حافظ محمد فارق نے شہدا ءاور غازیوں کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی
رپورٹ محمد آصف علی سٹارنیوز سرگودھا












