ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زکوٰۃ کے مریض مفت ادویات سے محروم، سوشل میڈیکل آفیسر تعینات نہ ہونے سے مسائل میں اضافہ
*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) محکمہ زکوٰۃ حکومت پنجاب نے حال ہی میں نادار اور بے سہارا مریضوں کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کو مفت ادویات کی فراہمی کی خاطر 20 لاکھ روپے کی پہلی قسط کا چیک میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کے حوالے کیا، مگر تاحال زکوٰۃ کے مریض مفت ادویات سے محروم ہیں۔ذرائع کے مطابق، ہسپتال میں سوشل میڈیکل آفیسر (SMO) کی عدم تعیناتی کی وجہ سے زکوٰۃ فنڈ کے تحت مریضوں کو ادویات فراہم کرنے کا عمل معطل ہے، جس کے باعث مستحق مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہیں بازار سے مہنگی ادویات خریدنا پڑ رہی ہیں یا علاج ادھورا چھوڑنا پڑ رہا ہے۔متاثرہ مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فوری طور پر سوشل میڈیکل آفیسر تعینات کیا جائے اور زکوٰۃ فنڈ سے ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ نادار مریضوں کو بروقت اور مفت علاج میسر آ سکے۔شہری و سماجی حلقوں نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ زکوٰۃ فنڈ کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے اور متعلقہ انتظامیہ کو اس ضمن میں فوری طور پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
رپورٹ محمد زاہد مجید انور













