ٹوبہ ٹیک سنگھ: تجاوزات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک، گرینڈ آپریشن جاری

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) — وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن “تجاوزات سے پاک پنجاب” پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سرگرم عمل ہے۔ اس سلسلے میں چیف آفیسر ضلع کونسل ٹوبہ ٹیک سنگھ مہر انور بیگ سیال نے کہا ہے کہ ضلعی حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لا کر شہر کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے مین سڑکوں، بازاروں اور شاہراہوں پر قائم عارضی اور پختہ تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایات پر ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ اس دوران ضلعی انتظامیہ نے مختلف مقامات پر سڑکوں اور بازاروں میں قائم عارضی تھڑے اور پختہ تعمیرات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کیا جبکہ سامان ضبط کر لیا گیا۔ سڑکوں اور نالوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔چیف آفیسر مہر انور بیگ سیال نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم بلا تفریق جاری رہے گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے تاجر برادری اور عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ شہر کو صاف، محفوظ اور خوبصورت بنایا جا سکے۔