نواب بابر علی خان سیال سابق چیئرمین ضلع کونسل جھنگ کی طرف سے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت
جھنگ (سٹارنیوز) نواب بابر علی خان سیال سابق چیئرمین ضلع کونسل جھنگ نے اسرائیل کی جانب سے رات کے وقت ایران پر کیے گئے حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اپنے ایک مذمتی بیان میں نواب بابر علی خان سیال نے کہا کہ اسرائیل کی یہ کارروائی نہ صرف ایران کی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ پورے خطے کے امن کو تباہی کی طرف دھکیلنے کی ایک خطرناک سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور اسرائیل کو ایسی اشتعال انگیزیوں سے باز رکھنے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔نواب بابر سیال نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت طویل عرصے سے مسلم دنیا کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہی ہے اور اگر اسے روکا نہ گیا تو اس کے نتائج پوری دنیا کے لیے تباہ کن ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو چاہیے کہ وہ باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور امتِ مسلمہ کے مفادات کا اجتماعی دفاع کریں۔انہوں نے حکومتِ پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے اور عالمی سطح پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مؤثر آواز بلند کرے۔نواب بابر علی خان سیال نے آخر میں کہا کہ امن کے قیام کے لیے انصاف، خودمختاری کے احترام، اور بین الاقوامی قوانین کی پابندی ناگزیر ہے۔ اسرائیل کی حالیہ کارروائی ان تمام اصولوں کی خلاف ورزی ہے جسے کسی طور پر برداشت نہیں کیا جا سکتا۔













