ٹوبہ ٹیک سنگھ میں عالمی ڈینگی ڈے کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام ایک بھرپور آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا

ٹوبہ ٹیک سنگھ (سٹارنیوز)عالمی ڈینگی ڈے کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام ایک بھرپور آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا بنیادی مقصد شہریوں میں ڈینگی بخار سے بچاو کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔سیمینار کی قیادت سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف باجوہ نے کی، جبکہ ڈی ایچ او کاشف ندیم، فوکل پرسن ڈینگی ٹیم ماجد علی، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر رحمان علی اور محمد عثمان نے بھی خصوصی شرکت کی۔ سیمینار میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی بڑی تعداد میں حصہ لیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایچ او ڈاکٹر کاشف ندیم نے ڈینگی بخار کی علامات، اس سے بچاو کی تدابیر اور مچھروں کی افزائش گاہوں کو ختم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف جنگ میں ہر شہری کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔سیمینار کے اختتام پر ایک آگاہی واک بھی نکالی گئی جس میں شرکائ نے ڈینگی سے بچاو کے پیغامات پر مشتمل پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر شہریوں میں ڈینگی سے متعلق آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس موذی مرض کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں۔